قومی اسمبلی کا آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ اجلاس آج سے شروع

قومی اسمبلی کا آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ اجلاس آج سے شروع

  

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج بروزجمعہ سے شروع ہورہا ہے جو بجٹ 2020-21کی منظوری تک جاری رہیگا۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ 12 جون کو قومی اسمبلی میں مالی سال 2020-21 کا وفاقی بجٹ پیش کرینگے جس کا حجم ساڑھے 7ہزار 5سو ارب سے زائد ہوگا۔رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی کے انتقال کی وجہ سے آج قومی اسمبلی کے اجلاس کی مختصر کارروائی ہوگی اور اجلاس بغیر ایجنڈے پر کارروائی کے پیر تک ملتوی کردیا جائیگا۔ منیر اورکزئی گزشتہ دنوں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے تھے اور یہ پارلیمانی روایت ہے کہ جب کوئی موجودہ رکن اسمبلی انتقال کرجائے تو اسمبلی اجلاس میں ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت اور تعزیتی قرارداد کی منظوری کے علاوہ کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ بجٹ اجلاس کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، تاہم احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی جارہی ہیں تاکہ کورونا کے خطرات سے بچا جاسکے کیونکہ اس وقت ایک درجن سے زائد اراکین پارلیمنٹ کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ذرا ئع نے مزید بتایا آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کو بھی کورونا ریلیف بجٹ کا نام دیا جائیگا جس میں صحت کے شعبے کیلئے زیادہ فنڈز مختص کئے جائینگے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں اضافے کیلئے پنشن کمیشن کی سفارشات وفاقی کابینہ کے اجلاس میں زیر غور آئینگی جس کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا،تاہم ذرائع نے بتایا کہ یہ اضافہ دس سے پندرہ فیصد سے زیادہ نہیں ہوگا کیونکہ حکومت کو وسائل کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس

مزید :

صفحہ اول -