شاہ محمود قریشی سے ازبک سفیر کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

شاہ محمود قریشی سے ازبک سفیر کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

  

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں ازبک سفیر فرقات صدیقوف نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی سفارت کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان میں اپنا عرصہ تعیناتی کامیابی اور خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل کرنے پر ازبک سفیر فرقات صدیقوف کو مبارکباد پیش کی۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ازبک سفیر کی خدمات کو سراہا۔وزیر خارجہ نے ازبک سفیر فرقات صدیقوف کو بطور نائب وزیر خارجہ ازبکستان تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آپ کے اس منصب پر فائز ہونے سے پاک ازبک تعلقات کو مزید وسعت ملے گی اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔دوران ملاقات پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال ہوا۔ازبک سفیر نے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ازبکستان پاکستان سے بیس ہزار میٹرک ٹن آلو خریدنے کا خواہاں ہے۔ ازبک سفیر نے کہاکہ ازبکستان، پاکستان کی کاٹن انڈسٹری کی معاونت اور معیاری کپاس کی پیداوار کیلئے پاکستان کے ساتھ معاہدے کیلئے تیار ہے -

ملاقات

مزید :

صفحہ اول -