حکومت کورونا کیساتھ زندگی گذانے کا ماحول پیدا کرے: محمد حسین محنتی

حکومت کورونا کیساتھ زندگی گذانے کا ماحول پیدا کرے: محمد حسین محنتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اللہ کی طرف سے آزمائش ہے، جس نے ترقی یافتہ ممالک کو بھی تلپٹ کرکے رکھ دیاہے،زمینی خدائی کے دعویداروں پر واضح ہوگیا کہ تم جتنی بھی ترقی کرلو انسان کی جان اللہ کے ہاتھ میں ہے،حکومت کورونا وبا صورتحال میں ابہام،لاک ڈاؤن اور خوف کی بجائے قوم کے اندر یکسوئی،احتیاط اور حوصلہ دینے اور کورونا کے ساتھ زندگی گذارنے کا ماحول پیدا کرے،حکومتی دعووں کے برعکس کورونامریضوں کے علاج کی سہولیات کا فقدان تشویش ناک ہے،جماعت اسلامی اصلاح معاشرہ،اسلامی انقلاب اورضائے الہٰی کے حصول کی خاطرر انسانیت کی خدمت جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران مرکز سکھر میں جماعت اسلامی کے ضلعی نظم،تحصیل ومقامی امراء کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں کورونا ریلیف،رمضان سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔ امیر ضلع مولانا حزب اللہ جکھرو،قیم سلطان احمد ایڈوکیٹ،مقامی امیر زبیر حفیظ شیخ اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے ساتھ کرپشن وائرس کو بھی کنٹرول کیا جائے،سندھ میں سخت لاک ڈاؤن اور اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود کیسز میں اضافہ اور مریضوں کیلئے سہولیات کا فقدان حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے،عملی وٹھو س اقدامات کرنے کی بجائے صرف لاک ڈاؤن اور مساجد کو بند کردینا حکومت کی بے حسی،بے دین وسیکولر سوچ کی عکاسی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اللہ کی ذات کو پہچانیں،توبہ واستغفار اور اس کی طرف پلٹ آئیں۔دریں اثناء صوبائی امیر نے بزرگ رہنماء اور کسان بورڈ سندھ کے صدر ڈاکٹرعبدالرزاق کھوسہ کی عیادت وجلد صحتیابی کی دعا کی،جبکہ جماعت اسلامی کے سابق امیر غلام غوث غازی،سید علی گوہر شاہ کی وفات پر لواحقین پاس جاکر تعزیت،مرحومین کی مغفرت،درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔#

مزید :

صفحہ اول -