کسی بھی ادارے کی ترقی میں میڈیا کا کردار اہم ہے،ڈاکٹر افتخار

کسی بھی ادارے کی ترقی میں میڈیا کا کردار اہم ہے،ڈاکٹر افتخار

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)آج کے جدید دور میں کسی بھی ادارے کی ترقی میں میڈیا کا کردار سب سے اہم ہے۔ یونیورسٹیوں میں تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کی تشہیر کیلئے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا نہایت ہی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور گومل یونیورسٹی کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ اس میں پرنٹ میڈیا کے ساتھ ساتھ شعبہ کمیونیکیشن اینڈمیڈیا سٹڈیزکے زیر اہتمام ٹی وی سٹوڈیو اور ایف ایم ریڈیو کام کر رہے ہیں جو گومل یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں ہونیوالی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں کی مثبت انداز میں تشہیر کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے سٹی کیمپس کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کوارڈینیٹر سٹی کیمپس ڈاکٹر شکیب اللہ‘پرنسپل وینسم کالج عائشہ رسول‘ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر صدف جویریہ اورانچارج گومل یونیورسٹی ٹی وی وایف ریڈیو ذیشان قاسم بھی ہمراہ تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ترقی کا سب سے بڑا فائدہ طلباء کو ہوتا ہے۔میں گومل یونیورسٹی کو ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو کمائی کا ذریعہ نہ سمجھا جائے اور نہ ہی کبھی خرچہ،تعلیم اصل میں آنیوالی نسلوں پر سرمایہ کاری ہوتی ہے۔ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ہم اس قدیم مادر علمی سے ایک اچھی اوربہترین نسل بنائیں تاکہ اس نسل سے کئی خاندان سنوار سکیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے پرنسپل نواب اللہ نوازخان لاء کالج عائشہ رسول کی ایل ایل ایم اور شریعہ اینڈ لاء کو شروع کرنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان ڈگریوں کے شروع ہونے سے اس خطے ہی کے نہیں بلکہ دیگر صوبوں اور پورے پاکستان سے طلباء کی ایک بڑی تعداد مستفید ہو گی۔ وائس چانسلر نے پرنسپل عائشہ رسول کو ایل ایل ایم اور شریعہ اینڈ لاء کے پروگراموں پر تمام تر قانونی قواعد و ضوابط کو مکمل کرکے جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایات دیں۔ وائس چانسلرنے لاء کالج کی درخواست پر کوارڈینیٹر سٹی کیمپس کو لاء کالج کے خالی گراؤنڈ کو خوبصورت چمن میں تبدیل کرنے اور دیگر مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کاحکم صادر فرمایا۔ اس موقع پر ذیشان قاسم نے وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد کو گومل یونیورسٹی کے ٹی وی سٹوڈیو اور ایف ایم ریڈیو کادورہ بھی کروایا۔ اس موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پرنسپل لاء کالج کی جانب سے مختصر ظہرانہ کا بھی اہتمام کیاگیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -