وزیر صحت کی ہسپتالوں میں کورونا بیڈز کی تعداد مزید بڑھانے کی ہدایت

وزیر صحت کی ہسپتالوں میں کورونا بیڈز کی تعداد مزید بڑھانے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے پشاور کے بڑے ہسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے حوالے سے اپنی استعداد میں مزید اضافہ کریں۔ صوبائی حکومت ان ہسپتالوں کو مکمل مالی معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ ہدایات گزشتہ رات گئے پشاور کے بڑے ہسپتالوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیے۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال،حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے سربراہان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر صحت کو ہسپتالوں کی اب تک کی کارکردگی اور استعداد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تینوں تدریسی ہسپتالوں میں ابھی تک کورونا مریضوں کی گنجائش ہے۔ وینٹی لیٹرز اور آکسیجن کنسنٹریٹرز بھی موجود ہے۔ اس موقع پر تیمور جھگڑا نے تینوں ہسپتالوں میں کورونا بستروں کی تعداد مزید بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وباء کے مزید پھیلنے کے قوی خدشات ہیں جس کے لیے ہمیں مزید اقدامات اٹھانے اور انتظامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، لیڈی ریڈنگ اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے سربراہان کو فوری طور پر کورونا مریضوں کے لیے گنجائش میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مزید صحت عملے کی بھرتی، طبی آلات، وینٹی لیٹرز اور ذاتی حفاظتی سامان کی خریداری کریں۔ صوبائی حکومت ہسپتالوں کی مکمل مالی معاونت کرے گی۔ دریں اثناء وزیر صحت تیمور جھگڑا نے کہا کہ ان ہسپتالوں نے اب تک صوبے کے عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کیں ہیں اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ احتیاط سے کام لیں اور ماسک کے ساتھ حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عمل کریں۔

مزید :

صفحہ اول -