کورونا وائرس، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے پولیس بھی حرکت میں آگئی

کورونا وائرس، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے پولیس بھی حرکت میں آگئی
کورونا وائرس، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے پولیس بھی حرکت میں آگئی

  

لاہور(ویب ڈیسک) عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ حکومتی احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس بھی بھرپور طریقے سے متحرک ہو گئی ہے۔ پولیس نے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق لاہورپولیس نے بنا فیس ماسک کے ڈرائیونگ کرنے والے افراد کو چالان ٹکٹ دینا شروع کردیے ہیں۔سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے بغیر ماسک کے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف چالان کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ماسک کے بغیر ڈرائیونگ کرنے والوں کا چالان کرنے کے لیے آٹھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

پولیس ترجمان کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ ممکن بنانے کے لیے شہریوں پر سختی کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر بغیر ماسک ڈرائیونگ کرنے والے شہریوں کوچالان ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔سی ٹی او لاہورحماد عابد کے مطابق دوران ڈرائیونگ موٹرسائیکل اور گاڑی میں ماسک نہ پہننے والوں کو چالان ٹکٹ جاری ہوں گے۔پولیس کی جانب سے کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے سی ٹی او لاہور اور ڈی سی لاہور نے آٹھ مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

مشترکہ ٹیمیں شہر کے مختلف مقامات پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی جاری کردہ احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گی۔سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹیموں کے علاوہ شہر بھر میں تمام وارڈنز بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔کار میں ایک سے زائد افراد کے ہونے کی صورت میں تمام افراد کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ فیس ماسک کا استعمال کریں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -کورونا وائرس -