سعودی عرب کی مساجد میں آج جمعہ کی نماز ہوگی یا نہیں؟ حکومت نے بڑااعلان کردیا
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب میں مسجد نبوی ﷺ کو عام نمازیوں کے کیلئے کھولنے کے بعد سعودی حکومت نے ملک بھر کی مساجد میں نماز جمعہ کے حوالے سے بھی بڑافیصلہ سنادیا۔
نجی ٹی وی ہم نیوز نے سعودی وزارت مذہبی امور کے حوالے سے بتایا ہے کہ مملکت بھرمیں نماز جمعہ کے اجتماعات کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم رش ہونے کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ صرف جامعہ مساجد میں ہی نہیں بلکہ دیگر مسجدوں میں بھی جمعہ نماز ہوسکے گی۔
جمعہ کے خطبے میں لوگوں کو وبا سے بچاو سے متعلق وہ خطبہ دیا جائے گا جو وزارت اسلامی امور نے تیار کیا ہے اور اس ضمن میں حکومتی ہدایات علما کرام تک پہنچا دی گئی ہیں جبکہ نمازی فرضوں کی ادائیگی کے بعد مسجد میں قیام نہیں کر سکیں گے۔
سعودی حکومت کی جانب سے مملکت بھر میں 3 ہزار 869 مساجد کی انتظامیہ کو جمعے کی نماز کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔جن چھوٹی مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے ان میں ریاض کی656، مکہ 455، مدینہ 165، شرقیہ 484، قصیم 205، الجوف 92، عسیر 400، باحہ 84، حائل 257، تبوک 74، جازان 816، نجران 60 اور شمالی حدود کی 121 چھوٹی مساجد شامل ہیں۔
خطبے میں لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے انفرادی ذمہ داریوں کی پابندی کرتے ہوئے کس طرح وبائی مرض سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ عوام کو وبائی مرض سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین بھی کی جائے گی۔
اس سے قبل ازیں مسجد نبوی کو بھی 77دنوں کی بندش کے بعد عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا تھا اور دیگر مساجد میں بھی باجماعت نماز اد کرنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔