ٹویٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو کیوں ہٹائی؟

ٹویٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو کیوں ہٹائی؟
ٹویٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو کیوں ہٹائی؟

  

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے درمیان کشیدگی بڑھنےکا خدشہ ہے۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ نے ٹرمپ کی اگلے صدارتی الیکشن کی مہم چلانے والوں کی جانب سے تیا رکی گئی ویڈیو کو ٹویٹر سے ہٹا دیا ہے۔

برطانوی خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق ٹویٹر کا کہنا ہے کہ اس نے کاپی رائٹ کی شکایت کے بعد اس ویڈیو کو ٹویٹر سے حذف کیا ہے۔ 

ٹویٹر کے ایک نمائندےکے مطابق  صدر ٹرمپ کی مہم کی جانب سے پوسٹ کردہ ویڈیو کے خلاف کاپی رائٹ کی درخواست دی گئی اور اس بارے مٰیں ٹھوس شواہد پیش کیے گئے جس کے جائزے کے بعد وہ ویڈیو ہماری کاپی رائٹ پالیسی کے خلاف قرار پائی اس لیے اسے ہٹا دیا گیا۔

تین منٹ 45سیکنڈز کی اس ویڈیو میں امریکہ میں ایک پولیس اہلکارکے ہاتھوں سیاہ فام شہری کے قتل کے بعد کے پرتشدد ہنگامے اور نعرے بازی دکھائی گئی تھی جبکہ اس کے بیک گراونڈ میں امریکی صدر ٹرمپ کی آواز شامل تھی۔

یہ ویڈیو صدر ٹرمپ کی الیکشن مہم کی جانب سے تین جون کو ٹویٹ کی گئی تھی جب کہ یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارم پر یہ ویڈیو اب بھی موجود ہے۔

رائٹرز کے مطابق اس ویڈیو کو یوٹیوب پر ساٹھ ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ اور تیرہ ہزار افراد نے اسے پسند کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ان دنوں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے سخت ترین چیکنگ کا شکار ہیں جس کی وجہ ٹویٹر کی جانب سے امریکی صدر کے ٹویٹر اکاونٹ پر فیکٹ چیک لگایاجانا ہے۔ جس کا مطلب ٹویٹر کو امریکی صدر کی ببات کے سچ ہونے کا یقین نہیں ہے۔

ٹویٹر کے اس اقدام کے بعد امریکی صدر نے سوشل میڈیا کے حوالے سے نئی قانون سازی کا عندیہ دے رکھا ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -سائنس اور ٹیکنالوجی -