اگر آپ گاڑی پر گھر سے نکلتے ہیں تو یہ خبر آپ کے لئے ہے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اگرچہ بہت سے لوگ گھروں سے نکلنے میں محتاط ہیں تاہم گاڑیوں پر گھروں سے نکلنے والے خود کو نسبتامحفوظ سمجھتے ہیں۔
گاڑی میں ایک سے زیادہ لوگ ہوں تو بھی وہ ماسک نہیں پہنتے۔ اور اب اس حوالے سے لاہور کی ٹریفک پولیس نے کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور کے چیف ٹریفک آفیسر حماد عابد نے خبردار کیا ہے کہ ماسک کے بغیر ڈرائیونگ کرنے پر چالان ٹکٹ جاری ہوں گے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق ترجمان ٹریفک پولیس کاکہنا ہے کہ کارروائی کے لیے سی ٹی او اور ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں 8 مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مختلف مقامات پر کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کےخلاف کارروائی کریں گی۔
چیف ٹریفک آفیسر حماد عابد کے مطابق شہر میں تمام وارڈنز بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرائیں گے، گاڑی میں ایک سے زائد افراد سوار ہونے کی صورت میں سب کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا اور ماسک نہ پہننے کی صورت میں چالا ن کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے جبکہ مریضوں کی تعداد اس وائرس کے سب سے پہلے مرکز چین سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔
حکومت کی جانب سے لاک ڈاون میں نرمی کے بعد کئی مقامات پر لوگوں کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس کے بعد اداروں کی جانب سے کچھ سزائیں اور جرمانے متعارف کرائے گئے ہیں۔