سندھ اسمبلی کی خاتون رکن اسمبلی کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں، جب ان کی رپورٹ آئی تو اس وقت وہ کہاں تھیں؟ تشویشناک خبر آ گئی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ اسمبلی کی ایک اور رکن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اس موذی وباءکا شکار ارکان اسمبلی کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نماز جمعہ کے وقفے کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس سپیکر آغاسراج درانی کی زیر صدارت دوبارہ شروع ہوا تو ایوان کو بتایا گیا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کی خاتون رکن شاہانہ اشعر کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ہے جس پر وہ اجلاس چھوڑ کر چلی گئی ہیں۔ رکن اسمبلی شاہانہ اشعر کی رپورٹ ٹیسٹ کے چار روز بعد موصول ہوئی ہے اور وہ تین روز سے اسمبلی آرہی تھیں اور گزشتہ روز کے سیشن میں بھی موجود تھیں۔ شاہانہ اشعر نے بھی حکومتی ٹیسٹ پر عدم اعماد کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ اب دوبارہ کورونا ٹیسٹ کرائیں گی۔
اس صورتحال پر ایم کیوایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل نے کہا کہ ٹیسٹ سب ارکان کے ہوئے ہیں مگر رپورٹس نہیں ملیں تو اس تمام پریکٹس کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ہمارے زیادہ تر لوگوں کو رپورٹس نہیں ملیں ہیں، مجھے فون پر بتایا گیا کہ آپ کا نتیجہ منفی آیا ہے، سیکرٹری اسمبلی کا کہنا ہے کہ انہیں بھی ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں ملی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر شبیر بجارانی نے کہا کہ جن ارکان کے کورونا رزلٹ نہیں آئے انہیں اسمبلی اجلاس میں نہیں آنا چاہیے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ اگر معزز خاتون رکن اسمبلی کا کورونا پازیٹو آیا ہے تو یہ خطرے کی بات ہے۔ ایس او پی کے تحت کسی کورونا مریض کے ساتھ ایک ہال میں تیس منٹ سے زیادہ نہیں رہنا چاہیے، میرا کورونا کے حوالے سے تجربہ بھی ہے کیونکہ میں نے دو ماہ سکھر میں کورونا سینٹر کی نگرانی کی تھی۔