مقبوضہ کشمیرمیں جاری لاک ڈاؤن کو 10 ماہ مکمل،عالمی برادری جنوبی ایشیامیں امن وسلامتی کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کرے:پاکستان

مقبوضہ کشمیرمیں جاری لاک ڈاؤن کو 10 ماہ مکمل،عالمی برادری جنوبی ایشیامیں امن ...
مقبوضہ کشمیرمیں جاری لاک ڈاؤن کو 10 ماہ مکمل،عالمی برادری جنوبی ایشیامیں امن وسلامتی کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کرے:پاکستان

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں 5 اگست 2019 کو یک طرفہ اور غیرقانونی اقدام کے تحت بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری غیرانسانی لاک ڈاون، فوجی محاصرے، کمیونیکیشن قدغنوں اور عائد کردہ غیرمعمولی پابندیوں کو جمعہ کو 10 ماہ مکمل ہوگئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ان دس ماہ کے دوران بھارتی قابض فوج نے کشمیریوں کے ہر حق کی خلاف ورزی کی ہے اور بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں اپنے غیرقانونی قبضے کوبرقرار رکھنے کےلئے کشمیری عوام پر ظلم وجبر اور استبداد کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کیا ہے،ایک ایسےوقت جب عالمی برادری کورونا وباسے برسرپیکار ہے، بھارت مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنےکی کوششوں میں مصروف عمل ہےاورنام نہاددراندازی اورجعلی مقابلوں کےنام پرکشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت شہیدکرنے کی سفاکانہ کارروائیوں میں تیزی لاچکا ہے،کشمیری عوام اور بھارت کے اندر اقلیتوں کے ساتھ ہونے والا بدترین سلوک اور ظلم واستحصال آر۔ایس۔ایس کے زیراثر بی۔جے۔پی حکومت کی انتہاپسند ہندتوا سوچ کا براہ راست نتیجہ ہے جو انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کے ارتکاب سے پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہاکہ انڈیا کو یاد رکھنا ہوگا کہ گزشتہ سات دہائیوں میں کشمیری عوام پر بھارت کا جبرواستبداد انہیں غلام نہیں بناسکا اور نہ ہی مستقبل میں بھارت اس مذموم مقصد میں کامیاب ہوگا۔ بے گناہ کشمیریوں پر بھارت کے مزید ظلم وجبر اور استبداد سے ان کے اندر اپنے جائز حقوق کے حصول کے لئے عزم مزید پختہ و مضبوط ہوگا،اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا فوری ادراک واحساس کرے اور کشمیریوں کے خلاف جرائم پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو جنوبی ایشیامیں امن وسلامتی کے قیام اور کشیدگی میں مزید اضافہ روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔پاکستان اپنے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق ملنے تک ان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

مزید :

قومی -