سپورٹس راونڈاپ

سپورٹس راونڈاپ

  

                                انعام بٹ نے برانز میڈل جیت لیا

ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز میں پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے برانز میڈل جیت لیا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں ترکی کے پہلوان سیفی اوزکایا کو 0-2 سے شکست دے دی۔ ترکی کے شہر اورٹاکا میں ہونے والی ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز میں انعام بٹ دو میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں پہنچے جہاں ان کا مقابلہ ترکی کے پہلوان عبداللّٰہ سے ہوا۔اس مقابلے میں انہوں نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا لیکن جیت کے تسلسل کو برقرار نہ رکھ سکے۔سیمی فائنل میں انہیں آذربائیجان کے ابراہیم یوسوبو نے 2-3 سے ہرادیا۔تاہم اب برونز میڈل میچ میں اْن کا مقابلہ ترکی کے سیفی اوزکایا سے تھا جس میں اْنہوں نے 0-2 سے فتح حاصل کی اور کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ 

                   انٹرنیشنل ہاکی، پاکستان کی اٹھارہویں پوزیشن برقرار

 انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے نئی درجہ بندی کا اعلان کردیا، آسٹریلیا کی ٹیم بدستور سرفہرست ہے، ایشیا کپ میں شرکت کے باوجود پاکستان کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، قومی ٹیم کی اٹھارہویں پوزیشن برقرار ہے،  ہالینڈ نے پرولیگ میں بہتر پرفارمنس کی وجہ سے بھارت کی جگہ تیسرے نمبرپر آگئی ہے، نئی رینکنگ کیمطابق آسٹریلیا پہلے، بیلجیم دوسرے،ہالینڈ تیسرے، بھارت چوتھے،جرمنی پانچویں، انگلینڈ چھٹے،ارجنٹائن ساتویں، نیوری لینڈ آٹھویں، سپین نویں، ملائیشیا دسویں نمبر پر ہے،فرانس گیارہویں، کینیڈا بارہویں،آئرلینڈ تیرویں،جنوبی افریقہ چودیں،کوریا پندرہویں، جاپان سولہویں،ویلز سترویں، پاکستان اٹھارہویں پوزیشن پر ہے۔ خواتین کی درجہ بندی میں پاکستان  کا انسٹھ واں نمبر ہے۔

پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار رگبی کیلئے کوالیفائی کرلیا

پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار رگبی ڈویژن ون چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان نے تھائی لینڈ کو شکست دیکر رگبی ڈویژن ون چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کیا۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے قومی رگبی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔پاکستان اور تھائی لینڈ کی رگبی ٹیموں کے درمیان رگبی ایشیئن ڈویژن ٹو چیمپئن شپ کا مقابلہ بدھ کی رات پنجاب سٹیڈیم میں ہوا، پاکستان نے تھائی لینڈ کو 24-18 سے شکست دیکر رگبی ڈویژن ون چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔پاکستانی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ کی ٹیم کو ٹف ٹائم دیا۔ جاوید چوہان نے بھی میچ دیکھا اور تاریخی کامیابی پر قومی رگبی ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد دی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ قومی رگبی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ رگبی کے کھیل کو فروغ دے رہے ہیں۔ رگبی کے کھیل میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کیلئے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ سپورٹس بورڈ پنجاب نے رگبی ایشیئن ڈویژن ٹو چیمپئن شپ کیلئے بہترین انتظامات کئے تھے۔ پنجاب سٹیڈیم میں بڑی سکرین بھی نصب کی گئی تھی جس سے شائقین محظوظ ہوئے۔ ایشیئن رگبی کے صدر قیس عبداللہ، پاکستان رگبی یونین کے صدر عارف سعید، چیئرمین پاکستان رگبی یونین فوزی خواجہ، سیکرٹری سلمان شیخ، چیف ایگزیکٹو ایشیئن رگبی جونی سٹاورینو، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر غیت جالا جل اورچیف کنسلٹنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب حفیظ بھٹی بھی موجود تھے۔ 

ٹور ڈی سوئس سائیکلنگ ایونٹ12 جون سے شروع 

انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین کے زیر اہتمام ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس رواں ماہ سوئٹزرلینڈ میں شروع ہوگی۔ ٹور ڈی سوئس سائیکلنگ ایونٹ کا 84 واں ایڈیشن رواں سال 12 جون سے 19 جون تک شیڈول ہے جس میں مختلف ممالک کے 147 سائیکل سوار شرکت کریں گے۔ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس 8مرحلوں پر محیط ہوگی جس میں سائیکل سوار 1339.6 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔ ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس میں 22 ٹیموں کے 147سائیکلسٹ ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گی۔ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس 12جون سے شروع ہوکر 8 روز جاری رہنے کے بعد 19 جون کو اختتام پذیر ہوگی۔ ایکویٹور کے سائیکلسٹ رچرڈ کاراپازاعزاز کا دفاع کریں گے۔

 تاریخ کا سب سے مہنگا  فیفا ورلڈ کپ 

قطر میں رواں سال نومبر میں ہونے والا فیفا ورلڈ کپ مشرق وسطی میں ہونے والا پہلا فٹبال ورلڈ کپ ہے۔ 2002میں کوریا اور جاپان میں منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے بعد قطر اس انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والا دوسرا ایشیائی ملک بھی ہے۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 21نومبر سے 18دسمبر 2022تک قطر میں کھیلا جانے والا یہ ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے مہنگا فیفا ورلڈ کپ ہوگا۔یہ پہلا فیفا ورلڈ کپ ہوگا جو کہ موسمِ سرما میں کھیلا ہوگا، یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ قطر کے انتہائی گرم موسم کو یورپی کھلاڑیوں کے لیے برداشت کرنا مشکل ہوگا۔کچھ رپورٹس کے مطابق، اگرچہ یہ ورلڈ کپ موسمِ سرما میں ہونے والا ہے، لیکن قطر کا شمار موسم کے اعتبار سے دنیا کیگرم ممالک میں ہوتا ہے اور اس لیے وہاں دن کے وقت کا درجہ حرارت سردیوں میں بھی اکثر زیادہ ہی ہوتا ہے۔ اس لیے قطر نے ملک میں فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے انفراسٹرکچر پر 200بلین ڈالر خرچ کیے ہیں، اور ہر اسٹیڈیم کو ایئر کنڈیشنڈ بنایا ہے۔قطراور  فیفا آرگنائزنگ کمیٹی نے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت چند سیاحتی علاقوں میں شراب نوشی کی اجازت بھی دی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق، اس فٹبال ورلڈ کپ کے میچز قطر کے کل آٹھ اسٹیڈیمز میں  کھیلے جائیں گے، جن میں 32ٹیمیں حصہ لیں گی۔

 پاکستانی ای گیمر ارسلان ایش نے اپنے نام کرلیا

پروفیشنل ای گیمر ارسلان ایش نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کرتے ہوئے امریکہ میں ویڈیو گیمنگ ٹورنامنٹ کومبو بریکر 2022 میں ٹیکن 7 کا مقابلہ اپنے نام کرلیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کمبو بریکر کی جانب سے لاہور کے علاقے داروغہ والا سے تعلق رکھنے والے ارسلان ایش کی فتح کا اعلان کیا گیا۔پاکستانی ای گیمر نے اس فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ایک بار پھر میں نے کر دکھایا، یہ ٹورنامٹ بہت مشکل ہوتے ہیں لیکن میں خوش ہوں کہ میری پریکٹس کام آ رہی ہے۔خیال رہے کہ امریکی ریاست الینوائے میں منعقد ہونے والے کومبو بریکر ایونٹ میں 50 فائٹنگ گیمز کو شامل کیا گیا اور دنیا بھر سے تین ہزار کھلاڑیوں نے اس میں شرکت کی، پاکستانی ٹیکن کھلاڑی ارسلان ایش اس سے قبل بھی متعدد بین القوامی مقابلے جیت چکے ہیں۔

پہلی پنجاب سٹرینتھ لفٹنگ چیمپئن شپ  26جون کو کھیلی جائیگی 

پہلی پنجاب مین اینڈ وومن سٹرینتھ لفٹنگ چیمپئن شپ،25اور 26جون کو کھیلی جائیگی۔تفصیلات کے مطابق سٹرینتھ لفٹنگ کلب پنجاب سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہو گی۔تمام کھلاڑیوں کے لیے انٹری فری ہوگی،جونیئر،سینئر اور ماسٹر کی کیٹیگری ہوگی۔آرگنائزنگ سیکرٹری،عقیل جاوید بٹ انٹرنیشنل پاور لفٹر، صدر پنجاب سٹرینتھ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے اعلان کے مطابق 25 جون کو ریفری کورس اور ٹیموں کی دن 12 بجے مینجر میٹنگ منعقد ہو گی، ٹیموں کی فائنل انٹری 20 جون تک جمع ہو سکے گی۔اس چمپئن شپ میں پنجاب کے تمام ڈویژن، ڈسٹرکٹ جمز، کلب اور سکول و کالجز کے کھلاڑی شرکت کر سکتے ہیں،چمپئن شپ کے سٹرونگسٹ جونیئر، سینئر، اور ماسٹر کیٹیگری میں سب سے زیادہ وزن اٹھانے والے کھلاڑی کو ٹائٹل بیلٹ سے نوازا جائیگا

مزید :

ایڈیشن 1 -