جماعت اسلامی کے مہنگائی کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے

  جماعت اسلامی کے مہنگائی کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) اتحادی حکومت کی جانب سے ایک بار پھر پیٹرول قیمتوں میں ہوش ربااضافے کیخلاف جماعت اسلامی کے تحت کراچی سمیت کندھ،ٹنڈومحمد خان اورسکرنڈ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، مقررین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو زندہ رہنے کا حق دیا جائے اور قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔کندھ کوٹ میں لئبرری چوک پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ چنا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں قائم اتحادی حکومت نے ایک ہفتہ کے دوران پیٹرول کی قیمت میں دو مرتبہ60روپے اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو رلیف دینے کے دعویدار وزیراعظم نے اب عوام کے تن سے بھی کپڑے اتارنے کا تہیہ کرلیا ہے،عوام پہلے ہی مہنگائی،بے روزگاری وبدامنی سے تنگ تھے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ان پر بجلی بن کر گرا ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس سے حکمران اتحاد کی عوام دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے، حکمران آئی ایم ایف کی غلامی میں اس حد تک گرچکے ہیں کہ انہیں عوام کی مشکلات بھی دکھائی نہیں دے رہی، جو لوگ ”مہنگائی مکاؤ مارچ“ کرکے سابقہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے وہ اب عوام کو برداشت کا سبق پڑھانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ فوری واپس،سودی نظام معیشت کا خاتمہ اور آئی ایم ایف کی غلامی سے قوم کو نجات دلائی جائے۔جو زخم عمران حکومت نے گذشتہ چار سالوں میں عوام کو دیئے ان پر مرہم رکھنے کی بجائے موجودہ حکومت نے نمک پاشی کردی ہے، امریکہ اور اائی ایم ایف کے نوکر عوام کو زندہ درگور کرنے کے درپے ہیں۔