پی ایف ایف ایونٹس میں شرکت کیلئے حکومتی اجازت کا منتظر
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن اگلے دو ایونٹس میں شرکت کیلئے حکومتی اجازت کا منتظر ہے۔پاکستان کو ماریشس میں چار ملکی ٹورنامنٹ اور بھارت میں ساف کپ میں حصہ لینا ہے جس کیلئے پاکستان فٹبال ٹیم میں شامل پلیئرز نے بھی حکومت سے جلد این او سی کی اپیل کردی ہے۔پلیئرز کا کہنا ہے کہ ہم نے ایونٹ کیلئے بہت محنت کی ہے، عوام کو مایوس نہیں کریں گے، اسپورٹس بورڈ این او سی دے تاکہ ہم صرف ٹریننگ پر فوکس رکھیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ایف ایف نے ضمانتی بونڈ سمیت تمام دستاویزات جمع کرا دی ہیں لیکن اسپورٹس بورڈ کی جانب سے تاحال جواب موصول نہیں ہوا، پاکستان فٹبال ٹیم کو 8 جون کو ماریشس اور پھر وہاں سے بھارت روانہ ہونا ہے اس حوالے سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن حکام کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے سپورٹس بورڈ کی جانب سے مثبت جواب مل جائے گا کیونکہ ایونٹس میں شرکت بہت ضروری ہے۔