کر کٹ:ٹی۔ ٹونٹی میں جیت مبارک

کر کٹ:ٹی۔ ٹونٹی میں جیت مبارک

جنوبی افریقہ کے دورے پر گئی پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی، ٹونٹی میچ جیت کر دو میچوں کی سیریز جیت لی کہ پہلا میچ تو بارش کی نذر ہو گیا تھا، یہ میچ کافی مارجن سے جیتا گیا۔ پاکستان نے 195 رنز بنائے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پورے اوور بھی نہیں کھیل سکی اور 13.3 اوورز میں ایک سو رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، اس جیت پر اب خوشیاں منائی جا رہی ہیں سینئر ریٹائرڈ کھلاڑیوں نے بھی تعریف شروع کردی ہے، یہی حضرات ٹیسٹ سیریز میں ناکامی پر بہت زیادہ تنقید کر رہے تھے۔ یوں گھڑی میں تولہ، گھڑی میں ماشہ والی کہاوت سچ کی جا رہی ہے۔ ہم بھی عجیب لوگ ہیں۔ شکست ہو تو بوکھلا جاتے ہیں جیت جائیں تو بغلیں بجانے لگتے ہیں۔ کسی بھی صورت میں اعتدال کا مظاہرہ نہیں کیا جاتا حالانکہ کھیل تو کھیل ہوتا ہے۔ اسے ا س کی روح ہی کے مطابق لینا چاہئے۔ تنقید بھی ضروری ہے لیکن اس میں کھیل ہی کے رموز کو پیش نظر رکھ کر تجزیہ ہونا چاہئے یہ نہیں کہ پسند نا پسند کی بناءپر کھلاڑیوں کو ہدف بنایا جائے۔

ٹیسٹ سیریز میں ناکامی ہوئی تو سب لوگ پنجے جھاڑ کر پیچھے پڑ گئے، ان میں وہ حضرات بھی ہیں جو سابق کپتان، سابق سلیکٹر اور چیف سلیکٹر کے علاوہ کوچ بھی رہے ان حضرات کا انداز تنقید تو ایسا ہوتا ہے جس سے یہ مترشح ہونے لگتا ہے کہ ان حضرات کو اپنا کھویا ہوا عہدہ یاد آ رہا ہے کیونکہ کھیل کے حوالے سے بات کم، سلیکشن اور کوچنگ کے حوالے سے زیادہ اعتراض کئے جاتے ہیں۔

ٹی۔ ٹونٹی میں جیت مبارک! اس میں حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے۔ اگلے ایک روزہ پانچ میچوں میں بہتر کارکردگی کی توقع رکھنا چاہئے۔ ویسے دیکھا جائے تو جیت سے بڑی کوئی چیز نہیں۔ پھر بھی پوری ٹیم میں محمد حفیظ اور احد شہزاد دو ہی کھلاڑی ہیں جنہوں نے سکور کیا۔ باقی کھلاڑی ناکام دکھائی دیئے حالانکہ حفیظ اور احد شہزاد نے جو بنیاد رکھی وہ دو سو سے زیادہ سکور والی تھی اس پر مزید غور اور احتیاط کی ضرورت ہو گی کہ ایک روزہ میچوں میں جنوبی افریقہ کے مرکزی باﺅلر بھی شامل ہوں گے ادھر پاکستان والوں کو یونس خان، مصباح الحق اور اسد شفیق کو کھپانے کے لئے تبدیلیاں کرنا پڑیں گی اس وجہ سے ناانصافی بھی ہو سکتی ہے۔ اس مرتبہ شاہد خاں آفریدی کے بلے سے شاٹ لگی ہیں، بہتر توقعات وابستہ کی جا سکتی ہیں، بہتر طریقہ یہی ہے کہ جیت کر ہی خامیوں کا تجزیہ کرکے آگے بڑھا جائے جیت مبارک ہو!     

مزید : اداریہ