قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی روز ہونا بہتر ہے شہریوں کی تجویز
لاہور (ملک خیام رفیق+نواز سنگرا/الیکشن سیل) قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز ہوں گے تو نتائج بہتر آئیں گے حکومتی خزانے پر کم بوجھ پڑے گا ملکی حالات کے پیش نظر ایک ہی روز الیکشن بہتر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز لاہور کے شہریوں نے ”روزنامہ پاکستان“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اچھرہ کے حاجی طارق نے کہا کہ الیکشن ایک ہی روز میں ہونا ضروری ہیں کیونکہ اس طرح نہ ہونے کی وجہ سے الیکشن میں حادثات کا خدشہ ہوگا۔ بھائی سلیم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے الیکشن ایک ہی دن ہونا ضروری ہیں۔ کیونکہ اس کے بغیر شفاف الیکشن میں رکاوٹ آسکتی ہے۔ ٹیکسالی کے منیر شاہ نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے الیکشن ایک ہی دن ہونا ضروری ہیں اگر سیکیورٹی کا مسئلہ درپیش ہوتو اس میں تبدیلی سے بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ گوالمنڈی کے شوکت نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے الیکشن ایک دن میں ہی ہونا ضروری ہیں۔ کیونکہ اگر صوبوں کے الیکشن ایک روز قبل ہوجاتے ہیں لوگوں کو معلوم ہو جائے گا کہ کون سی پارٹی جیت رہی ہے اور مفاد پرستوں کی حمایت بھی جیتنے والی پارٹی کی طرف ہوجائے گی۔ مزنگ کے وحید بٹ نے ”روزنامہ پاکستان“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے الیکشن ایک روز میںہی ہونے ضروری ہیں ورنہ بزرگوں اور عورتوں کو مشکلات درپیش ہوں گی۔ شاہدرہ کے حسنین شیر نے کہا کہ الیکشن ایک ہی روز میں ہونے ضروری ہیں کیونکہ الگ الگ الیکشن کروانے میں جہاں حکومت کا دو گنا خرچ ہوگا وہاں سیکیورٹی مسئلہ بھی درپیش ہوگا۔ الیکش خونی ہوسکتا ہے کیونکہ اگر وفاق کے الیکشن پہلے ہوتے ہیں تو جیتنے والی پارٹی کے کارکن صوبوں کے الیکشن میں اپنے امیدواروں کو ووٹ ڈلوانے کیلئے کوئی انتہائی قدم بھی اٹھاسکتے ہیں اس لئے امن وامان کی صورت حال خراب ہوسکتی ہے۔ ظہور احمد نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے الیکشن الگ الگ ہونے چاہیے تاکہ الیکشن کے عملہ کو آسانی ہوسکے اور سیکیورٹی کا معاملہ بھی درپیش نہ آئے۔ محبوب احمد سنت نگر کے رہائشی شبیر حسین ساندہ کے ناصر نے کہا قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہئیں اس طرح عوام کا وقت بھی بچے گا۔