یونین کونسل 131، ٹوٹی سڑکیں ، گندا پانی ، وارداتیں معمول ، عوام پریشان

یونین کونسل 131، ٹوٹی سڑکیں ، گندا پانی ، وارداتیں معمول ، عوام پریشان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (چوہدری حسنین/الیکشن سیل) ٹوٹی پھوٹٰ سڑکوں، بند گٹروں، ناپاک پینے کا پانی، فحاشی کے اڈے، منشیات فروشوں کی بھرمار اور چوری ڈکیتی کی وارداتوں نے یونین کونسل 131 کے رہائشیوں کا جینا محال کردیا۔ علی کالونی کے رہائشی ایم این اے اور ایم پی ایز کے خلاف پھٹ پڑے مکینوں کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس نہ تو پینے کا صاف پانی ہے اور نہ ہی کھانا بنانے کیلئے گیس اور نہ ہی کاروبار کیلئے بجلی ہمارے لئے تو انہوں نے علی کالونی کو جہنم بنادیا ہے آئے روز یہاں پر چوری وڈکیتی کی وارداتوں منشیات کی فروخت عام ہے۔ ہم نے کئی دفعہ اعلیٰ حکام کے پاس بھی گئے ہیں لیکن کوئی فرق نہیں پڑا پولیس بھی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی۔ شیر محمد کا کہنا تھا کہ اگر کسی ایم پی اے یا ایم این اے کے پاس جائیں تو وہ باہر سے ہی ٹرخا دیتے ہیں یا گھنٹوں بٹھائے رکھتے ہیں اور کہتے ہیں صاحب ذرا مصروف ہیں۔ ہم پنی دیہاڑی چھوڑ کر ان کے پاس جاتے ہیں لیکن یہ ہماری بات سننے کو تیار نہیں ہوتے ہم ان کے پیچھے جائیں یا اپنے بچوں کیلئے روزی کمائیں۔ بشیر احمد کا کہنا تھا کہ یہاں جرائم پیشہ لوگ بہت ہیں جس میں چوری، ڈکیتی کی وارداتوں اور منشیات فروشی سرفہرست ہے بشیر احمد کا کہنا تھا کہ پولیس بھی ان کے ساتھ ملی ہوئی ہے اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی۔ یونین کونسل 131میں گندگی کے ڈھیروں کی وجہ سے مچھر اور دوسرے حشرات پیدا ہوتے ہیں جن سے مہلق بیماریاں مثلاً ملیریا، ڈینگی اور ٹائیفائڈ بخاری جیسی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ محمدی محلہ کے محمد علی کا کہنا تھا کہ یہاں پر پانی بہت گندہ آتا ہے جو پینے کے قابل نہیں ہے جس کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ دوران بیماریوں کے علاج کیلئے یہاں پر کوئی طبی امداد دینے کیلئے کوئی ڈسپنسری وغیرہ بھی نہیں ہے۔ محلہ سلامت پورہ کے رہائشی شیر محمد کا کہنا تھا کہ یہاں پر گیس آتی ہی نہیں صبح 5 بجے جاتی ہے اور پھر رات کو تقریباً 10بجے کے قریب آتی ہے۔ جس کی وجہ سے ہم کھانا بنانے سے تنگ ہیں۔ ہمارے بچے صبح بھوکے سکول جاتے ہیں اور جب دوپہر کو واپس آتے ہیں تو تب بھی گیس کی وجہ سے ہوٹل سے کھانا منگوا کرکھاتے ہیں۔ محمد سلیم کا کہنا تھا کہ یہاں صفائی کا کوئی حال نہیں ہے کوئی بھی عملہ کا آدمی صفائی کے معاملے میں کچھ نہیں کرتا جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پڑے رہتے ہیں جن کی وجہ سے اہل علاقہ بہت پریشان ہیں وہاں پر مختلف قسم کے جانور پھرتے رہتے ہیں، اتنی گندگی ہے کہ یہاں پر رہنے والے بدبو کی وجہ سے بہت تنگ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے گھر چھوڑ کر یہاں سے کدھر جائیں کیسے ہم اپنے گھر چھوڑ سکتے ہیں۔ یوسی 131کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ ہماری ایم پی اے اور ایم این اے نصیر بھٹہ سے التماس ہے کہ مہربانی کر کے گندگی کے ڈھیروں کو ختم کروایا جائے اور علاقہ میں گٹروں کو صاف کروایا جائے اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور پانی کے نئے پائپ ڈالے جائیں جس سے اہل محلہ کو پینے کا صاف پانی مہیا ہو اور علاقہ میں بیماریوں کا خاتمہ ہوسکے۔