ادارہ فروغ تعلیم کی تقریب، تعلیمی ماہرین، صحافیوں میں میڈلز شیلڈز کی تقسیم
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر، تصاویر: ندیم احمد) الحمرا ہال میں این جی او ادارہ فروغ تعلیم کی طرف سے تقریب منعقد کی گئی جس میں لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں کے وائس چانسلرز، گورنمنٹ کالجز کے پرنسپلز، ای ڈی او ایجوکیشن اور ڈی آئی اوز کو سرٹیفکیٹ اور گولڈ میڈلز دئیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ سینئر صحافیوں کو گولڈ میڈل اور شیلڈ دی گئیں۔ اعلیٰ صحافتی خدمات سرانجام دینے کے اعزاز میں ”روزنامہ پاکستان“ کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی کو گولڈ میڈل ایوارڈ دیا گیا جبکہ شعبہ صحافت کی دیگر شخصیات کو بھی گولڈ میڈل دئیے گئے۔ وزیر زراعت پنجاب احمد علی اولکھ نے کالجوں کے پرنسپلز کو ایوارڈ اور شیلڈز دیں۔ اس موقع پر تقریب کی مہمان خصوصی صوبائی وزیر ذکیہ شاہنواز نے آنے والے مہمانوں کی تعلیمی سرگرمیوں اور کوششوں کو سراہا۔ تقریب میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے اعلیٰ کارکردگی کے حامل 3ڈائریکٹر کالجز، 9 ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، 2وائس چانسلرز، 66گورنمنٹ وپرائیویٹ کالجز کے پرنسپلز، 10ای ڈی اوز اور 7ڈی ای اوز کو گولڈ میڈلز دئیے گئے۔ لاہور کالج یونیورسٹی کی 10سینئر فیکلٹی ممبرز کو شیلڈز اور پنجاب یونیورسٹی کے 2ڈائریکٹرز کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔ جس کے بعد ہوم اکنامکس کالج کی طالبات نے ملی نغمے گائے۔ مقررین نے اس موقع پر کہا ادارہ فروغ تعلیم کا مقصد طلباءواساتذہ اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط رشتہ قائم کرنا ہے اور ان شخصیات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے جو تعلیم ترویح کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ ذکیہ شاہ نواز اور دیگر مقررین نے کہا کہ ادارہ فروغ تعلیم کا مقصد ملک میں تعلیم کے میدان میں انقلاب برپا کرنا ہے۔ دینی وسائنسی اور کمپیوٹرائز تعلیم دینا حکومت کا اولین فرض ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں تعلیم مختلف حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔