عالمی برادری ہمارے مسائل کا ادراک کرے، مستحکم جمہوریت ہی ترقی کا سفر تیز کرسکتی ہے:زرداری

عالمی برادری ہمارے مسائل کا ادراک کرے، مستحکم جمہوریت ہی ترقی کا سفر تیز ...
عالمی برادری ہمارے مسائل کا ادراک کرے، مستحکم جمہوریت ہی ترقی کا سفر تیز کرسکتی ہے:زرداری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان درپیش مسائل کا عالمی برادری کو ادراک ہونا چاہئے، ہماری اولین ترجیح پاکستان اور ملک کا قومی مفاد ہے۔ پریم نگر ڈرائی پورٹ، جناح ہائیڈرو پاور اور دیگر منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے ساتھ اقتصادی ترقی کا خواہاں ہے،نجی شعبے کے اشتراک کے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا 11 مارچ کو افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سستی توانائی کے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں، جمہوری حکومت اب تک چار ہرزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر چکی ہے جبکہ 21,000 میگا واٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ صدر زرداری سے لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر عابد ساقی کی قیادت میں نومنتخب عہدیداروں نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر نے بار کیلئے دو کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا جبکہ عابد ساقی نے بلاول بھٹو کو بار سے خطاب کی دعوت دی۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار جمہوری حکومت پانچ سالہ مدت پوری کر رہی ہے، جمہوریت کے ساتھ کمٹڈ ہیں، صاف شفاف انتخابات کے ذریعے آئینی طور پر اقتدار انتقال ہو گا۔ صدر مملکت سے گورنر پنجاب احمد محمود نے بھی ملاقات کی جس میں میاں منظور وٹو اور سابق گورنر لطیف کھوسہ بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر صدر کا کہناتھا کہ جمہوریت کے استحکام سے ہی ملکی ترقی کا سفر تیز ہو سکتا ہے۔ صدر سے راولپنڈی ڈویژن کے پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔بعد میں صدر زرداری نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی جس میں انتخابی امور اور خاص طور پر جنوبی پنجاب کے معاملات پر غور کیا گیا۔