حیدر آباد ٹیسٹ،بھارت کی آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ پر گرفت مضبوط
حیدر آباد(نیٹ نیوز) چیتشوار پجارا اور مرلی وجے کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت کی حیدر آباد ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی تیسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 311 رنز ایک کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو چیتشوار پجارا 162 اور مرلی وجے 129 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ میں 370 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی، مرلی وجے دوسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 167 رنز بنانے کے بعد میکسویل کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ چیتشوار پجارا نے 204 رنز کی دلکش اننگز کھیلی انہیں جیمز پیٹنسن نے آﺅٹ کیا۔ سچن ٹنڈولکر اپنا روایتی کھیل پیش نہ کر سکے اور 7 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ ویرات کوہلی 34 ، کپتان دھونی 44 ، روندرا جدیجا 10 ، روی چندرن ایشون ایک، ہربھجن سنگھ صفر اور بھونیشوار کمار 10 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے، اس طرح بھارتی ٹیم آسٹریلیا کی پہلی اننگز 237 رنز کے جواب میں 266 رنز کی برتری کے ساتھ 503 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل نے چار، زیویر دوہرٹی نے تین، جیمز پیٹنسن نے دو اور پیٹرسڈل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا نے کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے 192 رنز درکار ہیں۔ بھارت کی جانب سے دونوں وکٹیں روی چندرن ایشون نے حاصل کیں۔