ٹینس سے محبت ہے، چھوڑ نہیں سکتی، ثانیہ مرزا
ممبئی( نیٹ نیوز)بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ ٹینس سے مجھے محبت ہے اسے نہیں چھوڑ سکتی، ابھی مزید چند برس کھیل جاری رکھوں گی۔ کیریئر کو طول دینے کیلئے سنگلز سے کنارہ کش ہوئی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک کمپنی کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک میرے گھٹنے کے تین آپریشن ہوچکے ہیں اس کے بعد کھیل جاری رکھنا ویسے ہی کافی مشکل ہے۔ اسی وجہ سے میں نے خود کو صرف ڈبلز تک محدود کر لیا ہے۔ میں کافی خوش قسمت ہوں کہ آٹھ برس تک ہائی لیول پر سنگلز اور ڈبلز ایونٹ کھیل پائی۔