اقتدار میں آکر۱ کروڑ نئی ملازمتیں ،انڈسٹری کی شرح نمو9فیصد کرینگے ، تحریک انصاف نے صنعتی پالیسی کا اعلان کردیا
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے 9 نکاتی صنعتی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر پانچ برسوں میں نوجوانوں کو ایک کروڑ نئی ملازمتیں دے گی، پالیسی کے مطابق تحریک انصاف انڈسٹری کی شرح نمو دوفیصد سے بڑھا کر نو فیصد تک بڑھائے گی،توانائی بحران پر قابو،امن ومان کی صورتحال بہتر اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرکے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گی،ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے لانگ ٹرم بنیادوں پر سرمایہ کی فراہمی کو یقینی بنائے گی،تحریک انصاف اسلامی بنکنگ کو فروغ دے گی اور جلد اسلامی بنکنگ کے حوالے سے پالیسی کا اعلان کرے گی،20لاکھ افراد کوسالانہ ہنر مند بنائے گی، ضلعی سطح پر نئے صنعتی زون بنائے گی، سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کو فروغ دے گی اور اختیارات کو اشرافیہ سے نکال کر عام آدمی تک لائیں گے،سماجی تحفظ کیلئے ”سوشل ویلفئیرفنڈ"قائم کریں گے،پاکستان کے حالات انتہائی مخدوش ہیں،حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور غیر سنجیدہ رویوں کی وجہ سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کررہے جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فوج کوکبھی اپنی عوام کے خلاف استعمال نہیں کروں گا، منی لانڈرنگ،کرپشن اورٹیکس چوری روکنے سے ملک کی تقدیر سنورجائے گی، پیپلز پارٹی اورنوازلیگ ایسا کام نہیں کرسکتیں کیونکہ دونوں جماعتوں کے قائدین کے اثاثے بیرون ملک ہیں، مسلم لیگ ن کی قیادت مجھ سے اسلئے خوف زدہ ہے کیونکہ میں نے ان سے ٹیکس وصول کرنا ہے،تحریک انصاف اقتدار میں آکر ملک سے 90دن میں کرپشن ختم کردے گی، حکمران اور قوم امریکہ کی غلامی میں ہیں،خوف کی زنجیریں توڑنا ہوں گی اورغلامی سے باہر نکلنا ہوگا،جرات مندانہ فیصلے کر کے نیا پاکستان بنائیں گے،عوام کے نام پر پیسے لے کر اپنے گھر بھرے جارہے ہیں،جس ملک میں کرکٹ ٹیم نہیں آسکتی اس میں سرمایہ کیسے آسکتا ہے ۔ان خیالات کااظہارعمران خان نے یہاں پاکستان تحریک انصاف کی صنعتی پالیسی کے اعلان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین،عائلہ ملک،سیداسرارشاہ اور نعیم الحق سمیت دیگر مرکزی رہنما موجود تھے ۔عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اگر برابری کی سطح پر مواقع فراہم کئے گئے تو یہ عظیم قوم بنے گی۔ملک میں کرپشن زیادہ ہونے سے سرمایہ داری کم ہوتی ہے،کرپشن کے خاتمے کیلئے لائحہ عمل طے کرلیا ہے،لائحہ عمل گھر بیٹھ کر نہیں بنایا،دنیا میں جہاں جہاں کرپشن ختم ہوئی اس طریقے کو اپنایا گیا،جس ملک میں کرکٹ ٹیم نہیں آسکتی اس میں سرمایہ کیسے آسکتا ہے،ملک میں کہیں بھی قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی،تحریک انصاف قانون کی بالادستی قائم کرے گی،دوسروں کی جنگ کو خود پر مسلط کرلیا گیا ۔موجودہ سیاستدان مینی فیکچر ہیں اور دوسروں کے کندھوں پر چڑھ کر آئے ہیں،عوام حکمران نما بھیڑیوں سے تنک آکر مجھے وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں۔
پالیسی