ناہید خان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے نام سے جماعت رجسٹرڈ کرانے کیلئے درخواست دے دی

ناہید خان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے نام سے جماعت رجسٹرڈ کرانے کیلئے درخواست ...

اسلام آ باد(این این آئی)غنوی بھٹو کے بعد ناہید خان پاکستان پیپلز پارٹی کی ایک اور دعویدار کے طور پر سامنے آگئیں،پاکستان پیپلز پارٹی کے نام سے اپنی جماعت رجسٹرڈ کرانے کےلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا اور درخواست جمع کرانے کےساتھ انتخابی نشان تلوار بھی دینے کی استدعا کی ۔پیر کو الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی درخواست میں ناہید خان نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی وارثت ہے اس لئے نام ہمیں دیا جائے، ناہید خان نے اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن محمد افضل خان کو اپنی جماعت کی رجسٹریشن کےلئے درخواست دی جس کے ساتھ پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔پارٹی صدر ناہید خان ، جبکہ سیکرٹری جنرل فیاض خان اور فنانس سیکرٹری کیلئے ابن رضوی کا نام دیا گیا ہے۔ متعدد کارکنوں کے ہمراہ ناہید خان نے الیکشن کمیشن میں درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ پارٹی کی صدر ہیں اور فیاض خان اس کے سیکرٹری جنرل ہیں۔ انہوں نے8 عہدیداروں کے نام درخواست میں پیش کیے اور اپیل کی کہ انہیں تلوار کا انتخابی نشان دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صدرآصف زرداری کے وکیل وسیم سجاد نے لاہورہائیکورٹ میں صدرکے دوعہدوں کے کیس کی سماعت کے دوران پیپلز پارٹی کو ایک این جی او کہہ کر خود ہی اس سے اظہارلاتعلقی کر لیا ہے اب ہمارا یہ حق ہے کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو اور متحرمہ بےنظیر بھٹو کے نظریہ کو زندہ رکھنے کے تحت پارٹی رجسٹرر کرائیں، انہوں نے اس حوالے سے پارٹی سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر کو خط بھی لکھا لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا،پارٹی کارکنوں کا یہ حق ہے کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو اور بےنظیر کے نظریئے کو زندہ رکھنے کیلئے پارٹی رجسٹرڈ کرائیں۔

درخواست

مزید : صفحہ آخر