تاریخ کے مہنگے ترین سرکاری حج سکیم کی بکنگ آج سے شروع ہو گی
لاہور (ڈویلپمنٹ سیل) پاکستانی تاریخ کے مہنگے ترین سرکاری حج سکیم کی بکنگ کا آج سے باقاعدہ آغاز۔90ہزار سرکاری سکیم اور90ہزار عازمین پرائیویٹ سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔ سرکاری سکیم کے90ہزار عازمین کی پہلے آیئے پہلے پایئے کی بنیاد پر حج درخواستوں کی وصولی ملک بھر کے15بینکوں سے آج شروع ہو گی۔ تمام بینکوں نے مفت حج فارم فراہم کرنے کے لئے خصوصی کاﺅنٹر قائم کر دیئے۔ اس سال بھی قرعہ اندازی نہیں ہو گی، کوٹہ مکمل ہونے پر حج درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔ حج2013ءکے لئے سرکاری حج سکیم کی درخواستیں بلیو،گرین، وائٹ کیٹگری پر مشتمل ہیں۔ بلیو کیٹگری کا فارم نیلے رنگ اور وائٹ کیٹگری کا حج فارم سفید رنگ جبکہ گرین کیٹگری کا حج فارم سبز رنگ کا ہے۔ بلیو کیٹگری کا حج پیکیج لاہور، ملتان، سیالکوٹ،رحیم یار خان، فیصل آباد، پشاور، اسلام آباد 421070 روپے جبکہ کوئٹہ، سکھر، کراچی411070 روپے رکھا گیا ہے۔ گرین کیٹگری کا حج پیکیج لاہور، اسلام آباد، پشاور 361070 جبکہ سکھر، کوئٹہ، کراچی351070رکھا گیا ہے۔ وائٹ کیٹگری لاہور، پشاور، اسلام آباد 295070 جبکہ کراچی، کوئٹہ285070 روپے رکھا گیا ہے۔ حج درخواست کے لئے نادرا کا شناختی کارڈ مشین ریڈایبل بین الاقوامی پاسپورٹ 31مارچ 2014ءتک جس کی معیاد ہو قابل قبول ہو گا۔