سینیٹ نے بھی انسداد دہشت گردی ترمیمی بل منظور کرلیا، جے یو آئی کا واک آئوٹ
سینیٹ نے بھی انسداد دہشت گردی ترمیمی بل منظور کرلیا، جے یو آئی کا واک آئوٹ اسلام آباد(مانیٹرنگ دیسک) قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2013ء اکثریت سے منظور کرلیا ہے جس کے تحت قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستان میں دہشت گردی کی معاونت کرنے والوں کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لا سکیں گے۔وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے بل پیش کیا جس پر جمعیت علماء اسلام ف کے رہنماء سینیٹر عبدالغفور حیدری نے بل کی مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لازمی ترامیم کر کے بل کو زیادہ موثر بنایا جا سکتا تھا۔جمیت علماء اسلام نے بل کی ووٹنگ کے دوران سینیٹ سے واک آؤٹ بھی کیا۔ انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 1997 صدر آصف علی زرداری کے دستخط کے بعد نافذ العمل ہو گا۔اس بل کے تحت متعلقہ ریاستی حکام پاکستان میں دہشت گردی میں معاونت میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کر سکیں گے اور اس بل کے تحت دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کے اثاثے اور جائیدادیں بھی ضبط کی جاسکیں گی۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی 20 فروری کو متفقہ طور پر انسداد دہشت گردی بل کی منظوری دے چکی ہے۔