محمد افضل گورو کے باقیات واپس نہیں کی جائیں گی‘ بھارتی وزیر داخلہ

محمد افضل گورو کے باقیات واپس نہیں کی جائیں گی‘ بھارتی وزیر داخلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 نئی دہلی (کے پی آئی) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے واضح کیا کہ کشمیری نوجوان محمد افضل گورو کے باقیات واپس نہیں کی جائیں گی ۔ گزشتہ روز بھارتی پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے پی ڈی پی کی طرف سے محمد افضل گورو کے باقیات کی واپسی کے مطالبے کے خلاف زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے دونوں ایوانوں کی کارروائی دوبارملتوی کی گئی۔اس دوران وزارت داخلہ وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ حملے میں قصور وار ٹھہرائے گئے محمد افضل گورو جنہیں 9فروری 2013 کو دلی کے تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی کے باقیات کو ان کے گھروالوں کو دینے کے پی ڈی پی مطالبے کو یکسر مسترد کیا۔ ۔انہوں نے کہا کہ افضل گورو کو پورے لوازمات کے تحت جیل کے احاطے میں دفنایا گیا ہے ۔پی ڈی پی مطالبے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس طرح کے مطالبے کے پیچھے صرف سیاسی مقاصد کار فرما ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کا مطالبہ کبھی پورا نہیں کیا جاسکتا ہے کیونکہ افضل گورو کی لاش کو تہاڑ جیل میں ہی پورے جیل لوازمات اور ان کے مذہبی رسومات کے تحت جیل کے اندر ہی ایک بغیر نشان والی قبر میں دفنایا گیا ہے۔ اس دوران پارلیمانی امور کے وزیر ایم ونکیا نائڈو نے بھی پی ڈی پی کے اس مطالبے کی سخت الفاظ میں نکتہ چینی کی اور کہا کہ پی ڈی پی کا ایسا مطالبہ صرف سیاسی مفادات کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا وزیر داخلہ نے جو اس ضمن میں کہا ہے وہی ایوان کا احساس ہے،اسلئے ہمیں آگے بڑھنا چاہئے ۔واضح رہے کہ پی ڈی پی کے8 ممبران اسمبلی نے سوموار کو ایک مشترکہ بیان میں افضل گورو کی پھانسی کی سزا منسوخ کرنے سے متعلق آزاد امیدوار انجینئر عبدالرشید کی طرف سے لائی گئی قرار دا د کو جائز قرار دیتے ہو ئے کہا تھا کہ اس قرارداد کوریاستی قانون سازیہ میں اس وقت ہی ایوان میں اختیارکیا جانا چاہئے تھا ۔اس مشترکہ بیان میں محمد خلیل بند ، ظہور احمد میر ، راجہ منظور احمد ، محمد عباس وانی ، یاور دلاور میر ،ایڈو کیٹ محمد یوسف ، اعجاز احمد میر اور نور محمد شیخ نے کہا ہے کہ پی ڈی پی کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ افضل گورو کی پھانسی انصاف کا خون تھا اور اس سلسلہ میں آئینی لوازمات اور قواعد پورے نہیں کئے گئے تھے ۔اس دوران داخلہ وزارت کے ذرائع کا کہنا ہے یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ افضل گورو کی لاش کو تہاڑ جیل کے اندر ہی ایک بغیر نشان والی قبر میں دفنایا گیاہے تاہم پی ڈی پی کے ممبران نے بھی اس سلسلے میں داخلہ وزارت کے پاس اس سلسلے میں تحریری طور کوئی مطالبہ نہیں کیا ہے ۔

مزید :

عالمی منظر -