پاکستان میں پاک چین ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کی جائے: شاہ فیصل آفریدی

پاکستان میں پاک چین ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کی جائے: شاہ فیصل آفریدی

لاہور(کامرس رپورٹر)پاک چین جوائینٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شاہ فیصل آفریدی نے کہا ہے کہ چین کے تعلیمی اداروں کے تعاون سے پاکستان میں پاک چین ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کی جائے ۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتا یا کہ چین اس ضمن میں بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ مجوزہ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام سے ٹیکنالوجی کی موجودگی اور اس کے استعمال کو پاکستانی ضروریات کے مطابق یقینی بنایا جا سکے گا۔اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی تعلیمی ادارے ہر حوالے سے بہترین ہیں مگر ان میں کیا جانے والا تحقیقی اور اختراعی کام وسائل، سرمایہ اور تکنیکی ماہرین کی کمی کی وجہ سے محض کاغذوں تک محدود رہ جاتا ہے ۔لہٰذا ایک ایسے ادارے کاقیام عمل میں لانا نہائت ضروری ہے ۔

جہاں ہر طرح اور ہر شعبے سے متعلق تکنیکی معاونت ، مہارت اور وسائل موجود ہوں ۔فیصل آفریدی نے کہا کہ اگر چین کی مدد سے پاکستان ایسی ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ ترقی اور جدت طرازی کی جانب ایک جامع قدم ہو گا جس سے نوجوان نسل کی تخلیقی صلاحیتیں پروان چڑھیں گی اور ملکی معیشت بھی ترقی کرے گی۔فیصل آفریدی نے بتایا کہ چین پاکستان میں اپنا تعلیمی نصاب متعارف کرانے کا خواہاں ہے۔

مزید : کامرس