کیٹل فیڈاوراس صنعت سے وابستہ مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری

کیٹل فیڈاوراس صنعت سے وابستہ مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری

لاہور(کامرس رپورٹر)نسیم صادق سیکرٹری لائیوسٹاک نے پنجاب بھرکے مویشیوں خصوصاً کیٹل فیڈاوراس صنعت سے وابستہ مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کئے ۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہاکہ پنجاب کے مختلف اضلاع سے جانوروں کی خوراک میں ملاوٹ کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں ہیں جس پر محکمہ نے پنجاب کے ڈویژنل ڈائریکٹر سے جانوروں کی خوراک (ونڈا)کیٹل فیڈ اوراس میں شامل کئے جانے والے اجزاء کے نمونہ جات حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی اورمحکمہ کی لیبارٹری میں کیمیائی تجزیہ کیاگیا۔ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق کھل بنولہ میں بنولے کاچھلکا، درختوں کے پتے ،چونے کاپتھر،پینٹ اورخوراک میں پھپھوندی شدہ مکئی اورمکئی کے تکے، چوکرگندم اوررائس پالشنگ میں ریت اورمٹی کی ملاوٹ پائی گئی۔ اس حوالے سے تمام ریجنل ڈائریکٹرز، ڈسٹرک لائیوسٹاک آفیسرزاور اے ڈی آئی اوز کوبذریعہ لیٹر ہدایات جاری کردی گئیں ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں کیٹل فیڈ اوران کے اجزاء کے نمونہ جات ریفرنس لیبارٹری سے چیک کروائیں۔ غیرمعیاری خوراک اوراجزاء میں ملاوٹ کی نشاندہی کریں۔

غیرمعیاری پھپھوندی شدہ خوراک فروخت کرنے والے بے ضمیرافراد کے خلاف پنجاب اینیمل کمپاؤنڈ فیڈ اینڈ فیڈ سٹف آرڈیننس 2002کے تحت لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ غیرمعیاری، ملاوٹ شدہ پھپھوندی لگی ہوئی خوراک کی وجہ سے جانوروں میں ہوانے کے سوزش، فوڈ پوائزننگ، جلدی اورانتڑیوں کی بیماریاں پھیلنے کے ساتھ ساتھ دودھ کی پیداوارمیں بری طرح کمی ہورہی ہے لہٰذافیلڈ میں کام کرنے والے سٹاف جانوروں کی خوراک میں ملاوٹ کرنے والے بے ضمیرافراد کی نشاندہی کرکے قانونی کاروائی عمل میں لائیں۔

مزید : کامرس