سپرایشیاء کی جعلی واشنگ مشینیں بنانے اورفروخت کرنیوالوں کے خلاف کارروائی

سپرایشیاء کی جعلی واشنگ مشینیں بنانے اورفروخت کرنیوالوں کے خلاف کارروائی

لاہور(پ ر)سپرایشیاء برانڈ کی جعلی واشنگ مشینیں بنانے اورفروخت کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے لاہورنے پٹیالہ گراؤنڈ کے علاقہ میں چھاپہ مارکرپندرہ مشینیں برآمد کرکے بیلہ الیکٹرونکس کے مالک نعمان رشید اورجعلی مشینیں بنانے والے ایک شخص ذوالفقارکے خلاف کاپی رائٹس ایکٹ اورزیردفعات420، 468، 109،471،66 اور67ت پ مقدمہ درج کرلیاہے۔ بتایاگیاہے کہ سپرایشیاء گروپ آف کمپنیز کی تیارکردہ واشنگ مشینوں کی نقل لاہور کے مختلف علاقوں میں فروخت کی جارہی تھی جس پر کمپنی نے ایف آئی اے لاہور زون کو مطلع کیا۔ ایف آئی اے لاہورزون کے ڈائریکٹرعثمان انورکی سربراہی میں ایک چھاپہ مار ٹیم نے بیلہ الیکٹرونکس پٹیالہ گراؤنڈ میں چھاپہ مارکرپندر ہ جعلی مشینیں برآمد کرلیں اوردوکان کے مالک نعمان رشید کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق جعلی مشینیں گوجرانوالہ سے ذوالفقارنامی شخص تیارکرتاتھا جو بیلہ الیکٹرونکس کی ملی بھگت سے فروخت کرکے سپرایشیاء گروپ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا۔

سپرایشیاء گروپ کے ترجمان جاوید اقبال نے ایف آئی اے کی کارروائی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ جعلی مشینیں اوردیگراپلائنسز تیارکرنے اور انہیں فروخت کرنے والی کالی بھیڑوں کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ سپرایشیاء کے صارفین کو جعلسازوں سے محفوظ رکھاجاسکے۔

مزید : کامرس