جمعیت کیخلاف بے ہودہ زبان استعمال کر نیوالے یہودونصاریٰ کے ایجنٹ ہیں ، عبد الرحمن عزیز
لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماء اسلام اور قائدین جمعیت کیخلاف بے ہودہ زبان استعمال کرنیوالے یہودونصاریٰ کے ایجنٹ ہیں یہ سب اپنے آقاؤں کو خوش کر نے کیلئے مکروہ پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کیونکہ جمعیت ہی ان کے اور انکے آقاؤں کے مکروہ عزائم کیخلاف سد سکندری کا کر دار اداکر رہی ہے ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام پنجاب کے رہنما عبدالرحمن عزیز نے میڈیا میں جا ری اپنے بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی سیاست کو نہ کسی فلسفے کی ضرورت ہے نہ کسی منطق کی اور خلفائے راشدین کا طرز سیاست اور طرز حکمرانی ہی ہمارے لئے حجت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ جماعت جو چارماہ تک کنٹینر پر کھڑے ہوکر پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کر تی رہی اور ممبران پارلیمنٹ کے خلاف بیہودہ زبان استعمال کرنے والے آج اسی پارلیمنٹ اور انہیں ممبران کے ساتھ بیٹھنے کیلئے بہانے تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے علاوہ باقی تمام جماعتوں میں وقتاً فوقتاً آئین اور ضابطوں میں تبدیلیوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے لیکن جمعیت علماء اسلام کے نصب العین کا ایک نقطہ بھی قیامت تک تبدیل نہیں ہو سکتا ۔جمعیت علماء اسلام کا کارکن اس لحاظ سے خوش قسمت ہے کہ اس کا تعلق ایک ایسی جماعت سے ہے جوپیغمبرﷺ کی حیات مبارکہ کو اپنے لئے مشعل راہ سمجھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن مد ظلہ کے ہوتے ہوئے مساجداورمدارس کے خلاف مغرب اور اس کے ایجنٹوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے