علماء و کارکنوں پر مقدمات بلدیاتی انتخابات سے روکنے کی سازش ہے،شاداب رضا

علماء و کارکنوں پر مقدمات بلدیاتی انتخابات سے روکنے کی سازش ہے،شاداب رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (نمائندہ خصوصی) سنی تحریک پنجاب کے صدر محمد شاداب رضانقشبندی نے کہا ہے کہ علماء ومشائخ ، ذمہ داران اور کارکنان پر جھوٹے مقدمات بلدیاتی انتخابات سے روکنے کی سازش ہے ،ریاستی ظلم وجبر اور جھوٹے مقدمات سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہرمشکل کا سامنا کرتے ہوئے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،لبیک یارسول اللہ کا نعرہ لگانے والوں پر جھوٹے مقدمات گرفتاریاں دہشتگردوں کو خوش اورتحفظ دینے کے مترادفحکومتی عمل ہے ،علماء ومشائخ وعوام اہلسنت کو کسی طور بھی تنہا نہیں چھوڑ سکتے ،اپنے شہید قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی آفس داتا دربار میں ذمہ داران کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ علماء ومشائخ اور عوام اہلسنت کے تحفظ کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہینگے ،اگراہلسنت کے ساتھ ریاستی ظلم و جبر بند نہ ہوا تو اعلیٰ عدلیہ کے دروازے پر دستک دینگے ۔انہوں نے کہا کہ اہلسنت کو اتحاد ومنظم ہونے کی جتنی آج ضرورت ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی ،حکومت دہشتگرد اور محب وطن قوتوں میں واضع فرق رکھے ۔اس موقع پر صوبائی رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر زاہد حبیب قادری ، ڈاکٹر عمران مصطفےٰ قادری ، ڈویژنل صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان، سردار محمد طاہر ڈوگر و دیگر بھی موجود تھے۔