پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی ،یو اے ای کو 129رنز سے شکست دیدی

پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی ،یو اے ای کو 129رنز سے شکست دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 نیپئر ( نیٹ نیوز) بلے بازوں اور باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 129 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ شہزاد، حارث اور کپتان مصباح الحق کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 339 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، متحدہ عرب امارات کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 210 رنز بنا سکی۔ شیمان انور نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ سہیل خان، وہاب ریاض اور شاہد آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ احمد شہزاد کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ یو اے ای کپتان محمد توقیر نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 339 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے ناصر جمشید اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا، ناصر جمشید ایک مرتبہ پھر بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر شہزاد اور حارث سہیل نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 160 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، اسی دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں شہزاد جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے اور سنچری سے صرف 7 رنز کی دوری پر تھے کہ غلط رن لینے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے اور 93 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر کپتان مصباح الحق نے صعیب مقصود کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 اہم رنز جوڑ کر سکور 251 رنز تک پہنچا دیا، مقصود پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے مصباح نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے پانچویں وکٹ میں 63 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 312 رنز تک پہنچا دیا، عمر اکمل 19 رنز بنانے کے بعد چھکا لگانے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے، مصباح الحق پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے آفریدی اور وہاب ریاض نے مزید نقصان نہ ہونے دیا اور مقررہ اوورز میں ٹیم کا سکور 6 وکٹوں پر 339 تک پہنچا دیا، آفریدی 21 اور ریاض 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ منجولا گروگے نے 4 اور محمد نوید نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 210 رنز بنا سکی، شیمان انور نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز کی اننگز کھیلی اور نمایاں بلے باز رہے، خرم خان 43، امجد جاوید 40، پٹیل 36، امجد علی 14، برینگر 2، کرشنا چندرن صفر، روہن مصطفی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ سہیل خان، وہاب ریاض اور شاہد آفریدی نے دو، دو جبکہ راحت علی اور صعیب مقصود نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مزید :

صفحہ اول -