وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب ،شاہ سلمان نواز شریف کے استقبال کیلئے خود ایئر پورٹ پہنچ گئے

وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب ،شاہ سلمان نواز شریف کے استقبال کیلئے خود ایئر ...

  

ریاض(اے این این) وزیر اعظم نواز شریف کا سعودی عرب پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا اور شاہ سلمان خیر مقدم کرنے پروٹوکول بالائے طاق رکھ کرخود ائیر پورٹ پہنچے جبکہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔تفصیل کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم نواز شریف 3روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو ریاض کے شاہ خالد ایئر پورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم اور سعودی فرمانروا نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا،اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی پیش کئے گئے۔نواز شریف اور شاہ سلمان نے ایک دوسرے سے اپنے وفود کے ارکان کا تعارف کرایا۔وزیرخزانہ اسحق ڈار ، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف ،معاون خصوصی طارق فاطمی اور عرفان صدیقی سمیت اعلی سطح کا ایک وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے ۔وزیراعظم اپنے قیام کے دوران عمرہ بھی اداکریں گے ۔یہ دورہ سعودی عرب کے شاہ کی خصوصی دعوت پر کیاجارہاہے ۔اس دورے میں پاکستان اور سعودی عرب نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ہر مشکل میں ساتھ دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے سیاسی تعلقات محدود نہیں اوروہ دونوں مشترکہ مذہبی اور تاریخی اقدارمیں بندھے ہوئے ہیں۔ شاہ سلمان کے دور میں دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ انہوں نے دہشتگردی اور انتہا پسندی مشترکہ دشمن بھی قرار دیا۔آن لائن کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ دہشتگردی اورانتہا پسندی پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ دشمن ہیں مل کر ان کا مقابلہ کرینگے جبکہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے ۔وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات سیاسی سطح تک محدود نہیں بلکہ ان کی جڑیں دونوں ملکوں کے عوام کے دلوں میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ارو سعودی عرب مشترکہ مذہبی ، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ہر مشکل وقت میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اس اہم موڑ پر بھی ہم سعودی حکومت کی طرف سے پاکستان سے بھرپور تعاون پر شکر گزار ہیں ۔ وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دور میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔ اطلاعات کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے یقین دلایا کہ ان کا ملک ہر مشکل وقت میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہے اور مختلف شعبوں میں بھرپرو تعاون جاری رہے گا۔

مزید :

صفحہ اول -