عوام کی مایوسیوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے ،شہباز شریف

عوام کی مایوسیوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے ،شہباز شریف

لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی ترقی وخوشحالی او رانہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔صوبے میں میرٹ ،شفافیت اور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیاجا رہاہے۔ دھرنا سیاست نے ملک و قوم کا بے پناہ نقصان کیا۔ سرمایہ کاری،معاشی ،تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں میں رکاوٹ پڑی اور ملک و قوم کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا گیا۔ ملک و قوم کے ضائع ہونے والے قیمتی وقت کا ازالہ محنت اور صرف محنت سے کریں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے۔ملک سے دہشت گردی اورتوانائی بحران کے خاتمے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو مسائل کے چنگل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرناپاکستان مسلم لیگ(ن) کا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کے لئے دن رات کام کررہے ہیں۔دہشت گردی اور توانائی بحران کے حل کیلئے ہماری سنجیدہ او ر مخلصانہ کاوشیں انشاء اﷲ بار آور ثابت ہوں گی ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ پونے سات برسوں سے صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں، صوبے کی ترقی اور عوامی خدمت کا سفر جاری و ساری ہے او رخدمت خلق کا سفر آئندہ بھی جا ری رہے گا۔ عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کے لئے دن رات ایک کر دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے وفد کے اراکین سے ملاقات کے دوران مزید کہا کہ چنیوٹ ،رجوعہ میں خام لوہے اور تابنے کے معدنی ذخائر پاکستان کے 18کروڑ عوام کی ملکیت ہیں۔ پنجاب کے قیمتی معدنی ذخائر سے استفادہ کر کے انشاء اﷲ ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے ، ہائیڈل ، سولر، ایل این جی اور ہوا سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ پنجاب میں ونڈ پاور کوریڈورز کی دریافت بھی کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔

مزید : صفحہ اول