پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنانظریاتی جنون ترک کردے، حسین حقانی

پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنانظریاتی جنون ترک کردے، حسین حقانی

لندن(اے این این) پاکستان کے سابق سفیر اور میمو گیٹ اسکینڈل کے مبینہ مرکزی کردار حسین حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنا نظریاتی جنون ترک کردے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو اب عالمی برادری کی حمایت حاصل نہیں۔ حسین حقانی چیٹہم ہاؤس لندن میں رویل انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرس کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی سوچ میں مثبت تبدیلی لانا ہوگی ، ممبئی حملے ، لکھوی اور حافظ سعید پاکستا ن اور بھارت کے درمیان دیرپا امن میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ حسین حقانی نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات صرف ایک بری شادی ہے۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ کادورہ پاکستان خوش آئند ہے لیکن بدقسمتی سے دونوں ممالک کہ ابھی بنیادی معاملات حل ہونے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کے ساتھ ابتدائی مذاکرات کے بعد بھارت پاکستان میں ذکی الرحمن لکھوی کا ٹرائل ، حافظ سعید اورجماعت الدعوے کی آزادانہ سرگرمیوں کی تفصیلات چاہے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن مذاکرات میں تعطل کی بحالی کے خاتمے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کا حصہ ہے جسے دہشت گردی ناقابل قبول ہے اور ایسے بہت سے پہلو ہیں جہاں ذمہ داریوں کا تعین کیا جاسکتا ہے۔

مزید : صفحہ اول