ایلیٹ کورس کرنے والے جیل ملازمین کے الاؤنس میں اضافہ کردیاگیا
لاہور(انویسٹی گیشن سیل) محکمہ جیل خانہ جات نے ایلیٹ کورس کرنے والے ملازمین کے ایلیٹ الاؤنس میں بنیادی تنخواہ کا 40فیصد اضافہ کر دیا ہے جبکہ راشن الاؤنس کو ایک ہزار سے بڑھا کر 3ہزار کر دیا گیا ہے۔محکمہ جیل خانہ جات کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات کے ایلیٹ ٹریننگ سکول سے تربیت پانے والے عملہ جیل کا ایلیٹ الاؤنس بنیادی تنخواہ کا 40فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ ان کا راشن الاؤنس بھی بڑھا کر3ہزار کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ٹریننگ کے لیے جانے والے ملازمین کی تعداد کو 100سے بڑھا کر 200کر دیا گیا ہے۔جو ملازمین ٹریننگ مکمل کریں گے ان کی محکمانہ ترقی کا کوٹہ 10فیصد کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جن ملازمین نے پہلے ہی ایلیٹ ٹریننگ کی ہوئی ہے ان کے لیے یکم مئی سے سات مئی تک ایلیٹ ٹریننگ کا ریفریشر کورس کا انعقاد کیا جائے گا اور اس کورس کو پاس کرنے والے ملازمین بھی الاؤنس کے مستحق ہوں گے۔