ٹریفک کی روانی کیلئے 8 ایس پی ،20 ڈی ایس پی سمیت 1800 افسران و اہلکار تعینات

ٹریفک کی روانی کیلئے 8 ایس پی ،20 ڈی ایس پی سمیت 1800 افسران و اہلکار تعینات

 لا ہور (و قائع نگا ر خصو صی )چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور راہنمائی کیلئے 8ایس پیز،20ڈی ایس پیز،110انسپکٹرز،90لیڈی ٹریفک وارڈنز سمیت 1600ٹریفک اہلکاروں کو ہارس اینڈ کیٹل شو کے موقع پرٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے تعینات کر دیا گیا۔ شہریوں کی سہولت کیلئے آج سے 250فری شٹل بسیں شہر کے 11مخصوص مقامات سے فورٹریس سٹیڈیم تک پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کریں گی جبکہ بدھ کے روز فائنل ریہرسل کے موقع پر بھی 50فری شٹل بسیں عوام کی سہولت کیلئے مامور تھیں۔فری شٹل بس کے 11 مختلف مقامات پر پارکنگ کا بھی بہتر انتظام کیا گیا ہے تاکہ ہر کوئی اس سہولت اس استفادہ کر سکے۔ انہو ں نے ڈی ایس پیز اور وارڈنز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ شہر کے داخلی راستوں پر مشکوک افراد اور گاڑیوں پر کڑی نظر رکھیں۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوران ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی ہر ممکن راہنمائی کیلئے دفاتر میں تعینات90لیڈی ٹریفک وارڈنز سمیت 400 اہلکاروں کو بھی مامور کردیا گیا ہے۔انہوں نے شہر کے تمام داخلی راستوں پر تعینات اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کالے شیشے ،بغیر نمبر پلیٹ ،غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور گرین نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز بھرپور کارروائی کریں جبکہ ان پوائنٹس پر مشکوک عناصر پر بھی کڑی نظر رکھیں ۔سی ٹی او نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ شہریوں سے انتہائی نرم اور شائستہ رویہ رکھیں جبکہ شہری کسی بھی شکایت یا تجویز کیلئے سٹی ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید : علاقائی