نشتر کالونی ، 2ماہ قبل لاپتہ ہونے والے نوجوان کا سراغ نہ مل سکا
لاہور(کرائم سیل) نشتر کالونی کے علاقہ سے 2ماہ قبل لاپتہ ہونے والے نوجوان کا تاحال پتہ نہیں چل سکا،کسی نے 22سالہ محمد نعیم کو اغوا کر لیا ہے، ورثا کا الزام۔نمائندہ\" پاکستان\" سے گفتگو کرتے ہوئے لاپتہ نوجوان کے بھائی کریم نے بتایا کہ وہ نشتر کالونی کے رہائشی ہیں، اس کا بھائی بی اے کا طالب علم تھا۔12جنوری کو وہ گھر سے کالج گیا لیکن واپس نہیں آیا جس پر ہم نے اس کی تلاش کی لیکن اس کا کچھ پتہ نہیں چلا ۔بعد ازاں ہم نے اس حوالے سے تھانہ میں درخواست بھی دی جنہوں نے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی ہے جس کی وجہ سے ہمیں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں شک ہے کہ کسی نے اسے اغوا کر لیا ہے۔پولیس حکام سے اپیل ہے کہ اس حوالے سے ہماری مدد کی جائے اور اسے بازیاب کروایا جائے۔