نئے چہروں کو متعارف کروانے کی ضرورت ہے ، سونو

لاہور(فلم رپورٹر)فلم اور سٹیج کے معروف میک اپ آرٹسٹ سونو نے’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا ، اگر ہم حقیقت پسندی کی بجائے خیالوں میں کھوئے رہیں گے تو کبھی ترقی نہیں کر سکتے ،فلم انڈسٹری کی ترقی کے لئے صرف بیان بازی سے کام نہیں چلے گا اس کے لئے عملی اقدامات کی بھی ضرورت ہے ۔سونونے کہا کہ شوبزنے مجھے پہچان اور عزت دی اس لئے ہر وقت اسکی ترقی کیلئے دعا گو رہتا ہوں ،نئے چہروں کو متعارف کرانے کی ضرورت ہے لیکن پہلے سے کام کرنے والوں کے تجربے سے استفادہ کیا جاناچاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ شاید ہی کوئی ایسا ہوگا جو فلم انڈسٹری کی ترقی او ربحالی کے لئے دعائیں نہیں مانگتا ہوگا۔