ملائیشیا کی مالنڈو ائیر لائنزنے پہلی مرتبہ پاکستان میں سروس کا آغاز کر دیا
لاہور(کامرس رپورٹر)ملائیشیا کی مالنڈو ائیر لائنز (Malindo)نے پہلی مرتبہ پاکستان میں فضائی سروس کا آغاز کر دیا ہے جس کی افتتاحی پرواز ملائیشین وزیر ٹرانسپورٹ Datuk Ab Aziz Bin Kaprawi ، مالنڈو ائیرلائنز کے چیف ایگزیکٹو Mr Chandran Rama Muthy اور دیگر مسافروں کو لے کر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پور ٹ لاہور پہنچی۔ وفد کی آمد پر ائیر مارشل (ریٹائرڈ) جمشید خان MD شاہین فاؤنڈیشن نے لاہور ائیر پورٹ پر معزز مہمانوں کو خوش آمدیدکہا۔وزیر صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری پنجاب چوہدری شفیق احمد نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔مالنڈو ائیر لائنز ہفتے میں چار پروازیں(کوالالمپور ۔لاہور ۔ کوالالمپور) چلائے گی۔ پروازوں کی آمدورفت کا یہ پراجیکٹ مالنڈو ایئر لائنز اور شاہین ائیر پورٹ سروسز کی مشترکہ کاوشوں سے ممکن ہوسکا ہے جو کہ پاک فضائیہ کے تحت شاہین فاؤنڈیشن کا ذیلی ادارہ ہے۔