نہروں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کیلئے سرگرمیاں تیزی سے جاری
لاہور( اپنے خبر نگار سے )صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ نہروں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کے لئے صوبہ بھر سے منتخب شدہ نہروں پر تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں تاکہ نہروں کی استعداد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ٹیلوں تک پانی کی ترسیل کا انتظام بہتر ہو سکے۔یہ بات انہوں نے لوئر باری دوآب کینال کی کسان تنظیمو ں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت چیئرمین لوئر باری دوآب کینال ایریا واٹر بورڈ سردار ٹیپو عثمان خان کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پیڈا کے جنرل مینجر چوہدری خاور نذیر اور ڈپٹی جنرل مینجر سید شائق حسین عابدی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے اپنی گفتگو کے دوران کسان وفد کو بتایا کہ پنجاب حکومت کے لوئر باری دوآب کینال کی بحالی کے منصوبہ سے اوکاڑہ، ساہیوال اور خانیوال کے اضلاع میں نہری پانی کی ترسیل میںیقینی بہتری آئے گی ۔ اسی طرح حکومت نے ضلع رحیم یار خان میں احمد پور برانچ سسٹم کی اصلاح کا بیٹر ا اٹھایا ہے جس پر ایک ارب چھہتر کروڑ روپے خرچ کئے جائینگے ۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بہاولپور میں احمد پور لما کینال سسٹم کی بحالی پر چورانوے کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ بیالیس کروڑ روپے سے مظفر گڑھ میں جتوئی کینال سسٹم کی بحالی کا کام جاری ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع شیخوپورہ میں نہری پانی کی سپلائی بہتر بنانے کے لئے ساٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے نوشہرہ ڈسٹری بیوٹری سسٹم جبکہ پچاسی کروڑ روپے کی لاگت سے شرقپور ڈسٹری بیوٹری کی بحالی کے کام مکمل کئے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے کسان وفدکو آگاہ کیا کہ محکمہ آبپاشی پنجاب بھر سے منتخب کی گئی مختلف راجباہوں کی تعمیر نو پر خصوصی توجہ دے رہا ہے تا کہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار آبی گزرگاہوں کو اصل شکل میں بحال کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت نہروں کی بحالی کے منصوبے پر رواں سال ساڑھے تین ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے نہری بحالی کے ترقیاتی منصوبہ جات کو زرعی ترقی کے لئے اہم سنگ میل قرار دیا ۔