پاکستان لیبر لیبریشن فرنٹ کا بھٹہ مزدور وں کے حق میں مظاہرہ
لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) پاکستان لیبر لیبریشن فرنٹ کی تنظیم نے گزشتہ روز بھٹہ مزدوروں کے حق میں فیصل چوک مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لیبر لبریش فرنٹ کی رہنما کنیز فاطمہ، محمود بٹ، نیاز خان اور بابا جان مسیح سمیت متعدد مزدور رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر دن بھر مزدوروں نے بھٹہ مزدوروں کے حق میں احتجاجی دھرنا دیا اور رات گئے تک مزدوروں نے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا۔مزدور رہنما کنیز فاطمہ نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے بنیادی مسائل اور ان کے حقوق کو بحال نہ کیا گیا تو 18 مارچ سے صوبائی سحطح پر تحریک چلائیں گے۔ پاکستان بھٹہ مزدور یونین کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت بابا جان مسیح کے یونین آفس میں ہوا۔جس میں پنجاب بھر سے بھٹہ مزدور یونین لیڈروں نے شرکت کی۔ محمود احمد بٹ نے بھٹہ مالکان کی ہڑتال پر تشویش کا اظہار کیا۔ پاکستان بھٹہ مزدور یونین مطالبہ کرتی ہے کہ بھٹہ مالکان فوری طور پر اپنے رویوں کو درست کریں اور بھٹہ مزدوروں کو اینٹ بنانے کی پوری اجرت ادا کریں۔ بھٹہ مزدوروں کو 2016ء کے آرڈیننس کے مطابق رجسٹرڈ کیا جائے، چائلڈ لیبر کا خاتمہ اور جبری پیشگیاں ختم کرتے ہوئے قانون پر عملدرآمد کیا جائے۔ پاکستان بھٹہ مزدور یونین 18 مارچ کو اپنے مطالبات کے حق کیلئے پریس کلب سے اسمبلی ہال چیئرنگ کراس تک ریلی نکالے گی۔