وزیر اعظم نے امجد لطیف کو سوئی ناردرن گیس کا ایم ڈی تعینات کر دیا
لاہور (لیاقت کھرل) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ڈی ایم ڈی امجد لطیف کو کمپنی کا نیا ایم ڈی تعینات کر دیا ہے ۔وزیر اعظم کو وزارت خزانہ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے اس حوالے سے ایک سمری بھجوائی گئی تھی جسے وزیر اعظم نے گذشتہ روز باقاعدہ منظور کرتے ہوئے دستخط کردئے جس کے بعد سوئی گیس کمپنی کے ڈی ایم ڈی (آپریشن ) امجد لطیف کو گیس کمپنی کا نیا ایم ڈی تعینات کر دیا گیا ۔گذشتہ روز انہوں نے اپنی نئی ذمہ داریاں باقاعدہ سنبھال لی ہیں،اُن سے قبل ڈی ایم ڈی فنانس عامر طفیل کے پاس قائم مقام ایم ڈی کے عہدے کا چارج تھا۔ یاد رہے کہ نئے ایم ڈی امجد لطیف قومی تجزیہ نگار اور ایئر وائس مارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف کے چھوٹے بھائی ہیں۔سوئی گیس ناردرن کمپنی کے بورڈآف ڈائریکٹر ز کا اجلاس پیر 14مارچ کو لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے جس میں حکومتی فیصلے کی توثیق کی جائے گی۔ دوسری جانب نئے ایم ڈی امجد لطیف نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد سوئی گیس کے تمام افسران سے ویڈیو کانفرنس خطاب کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ گیس چوروں کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز اور گیس کے لائن لاسز اور یو ایف جی کو کنٹرول کریں۔ سوئی گیس کمپنی کے میڈیا سیل کا کہنا ہے کہ نئے ایم ڈی کی تعیناتی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کے بعد ہوگی جس کا بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔