ترقیاتی حکمت عملی 2018ء کے تحت 20لاکھ نوجوانوں کوسکل ڈویلپمنٹ کی تربیت دینگے :شہباز شریف

ترقیاتی حکمت عملی 2018ء کے تحت 20لاکھ نوجوانوں کوسکل ڈویلپمنٹ کی تربیت دینگے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں عالمی بینک کی جانب سے سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کیلئے معیاری روزگار کی فراہمی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔عالمی بینک اورپنجاب حکومت نے اس موقع پر سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے معیاری روزگار کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام وضع کرنے پر اتفاق کیااوراس ضمن میں عا لمی بینک کنسورشیم کے تعاون سے فریم ورک وضع کرے گا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فریم ورک کا مسودہ جلد سے جلد تیارکر کے پیش کیا جائے تاکہ اس پر تیزی سے عملدر آمد کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا تابناک مستقبل ہے اورپاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے معیاری روزگار فراہم کرنا ہے اوراسی مقصد کے حصول کیلئے پنجاب حکومت نے ترقیاتی حکمت عملی2018ء تشکیل دی ہے جس کے تحت صوبے کے 20لاکھ نوجوانوں کو سکل ڈویلپمنٹ کی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا ہے تاکہ انہیں معیاری روزگار مہیا ہوسکے اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹرعالمی بینک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کیساتھ دیگر سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیساتھ سکل ڈویلپمنٹ میں بھی اشتراک کار بڑھائیں گے اور سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے فریم ورک کے مسودے کو جلد تیار کر کے پیش کیا جائے گا ۔اجلاس کے دوران نوجوانوں کومعیاری روزگار کی فراہمی کے حوالے سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو اور بینک کے دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور،رانا مشہود احمد،عائشہ غوث پاشا،مشیران خواجہ سلمان رفیق،ڈاکٹر اعجاز نبی،چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،متعلقہ سیکرٹریز اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔: وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں ملائشیا کے ڈپٹی منسٹر برائے ٹرانسپورٹ دا تو عبدالعزیز کپراوی کی سربراہی میں سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ملائشیا تعلقات کے فروغ، تجارتی، معاشی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ سمیت مختلف شعبوں خصوصاً لائیوسٹاک اور حلال فوڈ کے شعبے میں تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ملینڈو ائیرلائن (Malindo Airline) کی پاکستان کیلئے پروازیں شروع کرنے کے اقدام پر ملائشیا کے وزیر اور وفد کے دیگر اراکین کو مبارکباد دی۔ ملائشین وزیر نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو الالمپور دورے کی دعوت بھی دی۔ صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق، ملائشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری صنعت، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے علاوہ پاکستان میں ملائشیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر حسرل ثانی بن مجبتار(Dr. Hasrul Sani Bin Mujtabar)، پاکستان میں ملائشیا کے اعزازی قونصل داتو عبدالرفیق عبدالکریم، چیف ایگزیکٹو آفیسر ملینڈو ائیر لائن(Malindo) اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا اوڑھنا بچھونا ہے اور عوام کی خدمت کسی عبادت سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرکے عام آدمی کوحقیقی معنوں میں ریلیف دیا ہے اورآئندہ اڑھائی برس کے دوران عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات جاری رہیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -