آئینی اصولوں پر عمل درآمد نہ کرنے کیخلاف دائردرخواست پر وفاقی اور پنجاب حکومت کو نوٹس
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس عابد عزیز شیخ نے حکمت عملی کے آئینی اصولوں پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف دائردرخواست پر وفاقی اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 مارچ تک جواب طلب کرلیا ہے۔یہ درخواست محمد عرفان نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے حصہ دوم کے دوسرے باب میں 29سے لے کر 40تک آرٹیکلز حکومت کو حکمت عملی کے اصول فراہم کرتے ہیں جن کے تحت حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلامی طرز زندگی ،مقامی حکومت کے اداروں کو فروغ ، علاقائی اور دیگر مماثل تعصبات کی حوصلہ شکنی ، قومی زندگی میں خواتین کی شمولیت ،خاندانوں کے تحفظ ،معاشرتی انصاف کے فروغ ،برائیوں کے خاتمہ ،معاشی و معاشرتی خوشحالی ،مسلم دنیا کے ساتھ رشتوں کی استواری ،سود کے خاتمہ اوراقلیتوں کی حفاظت کے لئے اقدامات کرنے کی پابند ہیں ۔آئین کے آرٹیکل 29کے تحت وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہرسال اس سلسلے میں کئے گئے اقدامات کی رپورٹ مرتب کرکے صدر مملکت کو بھیجے جسے صدر مملکت بحث کے لئے قومی اسمبلی میں پیش کریں گے ،اسی طرح صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ گورنر کو رپورٹ دیں جسے گورنر صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کے پابند ہیں ۔درخواست گزار کا موقف ہے کہ متعلقہ حکومتیں اور اسمبلیوں کے علاوہ صدر اور گورنرز اپنی یہ آئینی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے ہیں ۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آئین کے تحت حکمت عملی کے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم جاری کیا جائے ۔