فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے :شہرام تراکئی
پشاور(پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر صحت شہرام تراکئی نے خیبر پختونخوا فارماسیوٹیکل مینوفیکچررزایسوسی ایشن کی جانب سے صوبائی حکومت کے نام بعض اخبارات میں شائع کردہ ایک اپیل کے جواب میں مذکورہ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت اُن کو درپیش اس مسلئے کو حل کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے ۔اپیل میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں قائم فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے ریگولیشن کا عمل آٹھارہویں آئینی ترمیم کے تحت ڈرگ ریگو لیٹری اتھارٹی اف پاکستان سے واپس لے کر صو بائی حکومت کو دیا جائے ۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری ایک بیاں میں صوبائی وزیر نے اس مطالبے کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس مسئلے سے نہ بے خبر ہے اور نہ ہی غافل لیکن چونکہ معاملہ آئینی اور وفاقی حکومت سے متعلق ہے اس لئے اس معاملے کو وفاقی سطح پر اُٹھایا جا رہا ہے ۔ فارما سیو ٹیکل انڈسٹری کو صوبے کی معیشت کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے شہرام تراکئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس انڈسٹری کے فروع اور اس کو درپیش مسائل کے کے حل کے لئے ہر سطح پر کوششیں کرے گی ۔