لاہور میں پاکستان کے سب سے بڑے آٹو شو کا افتتاح

لاہور میں پاکستان کے سب سے بڑے آٹو شو کا افتتاح

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(پ ر) چیف انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ(ای ڈی بی)طارق چودھری نے لاہور کے ایکسپو سینٹر میں پاکستان آٹو شو2016کا افتتاح کردیا ۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو اینڈ ایسیسریز مینو فیکچررز (پاپام)کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا یہ سالانہ ایونٹ 4تا6مارچ تک جاری رہے گا۔اس عظیم الشان ایونٹ میں 135سے زائد مقامی و بین الاقوامی آٹو مینو فیکچررز اور متعلقہ انٹر پرائز شرکت کررہے ہیں۔یہ نمائش پاکستان کو آٹو مینو فیکچرنگ کے حوالے سے حب بنانے میں معاون ثابت ہوگی جبکہ پاکستان پہلے ہی ٹریکٹر کی تیاری کے حوالے سے دنیا بھر میں سب سے سستی مارکیٹ تصور کی جاتی ہے۔آٹو شو کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے موقع پر ای ڈی بی کے چیف ایگزیکٹیو افسر طارق چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آٹو موبائل صنعت ملکی معیشت کی مضبوطی اور ایک ابھرتے ہوئے صنعتی ملک کے طور پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت آٹو موٹیو اور انجینئرنگ کے شعبوں کو کاروبار دوست ماحول کی فراہمی اور لارج اسکیل سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کیلئے انتہائی پر عزم ہے اور ہم ملک بھر میں صنعتوں کے قیام کیلئے انفرا اسٹریکچر کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے ملکی انجینئرنگ کے شعبے کی ترقی پر اپنا کردار ادا کرنے پر مقامی صنعتکاروں اور انجینئرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انجینئرنگ کے شعبے کی ترقی کے باعث ملک سے ویلیو ایڈڈ ایکسپورٹ کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔اس موقع پر پاپام کے چیئرمین ممشاد علی کا کہنا تھا کہ آئندہ تین سے پانچ برسوں کے دوران دنیا بھر میں آٹو موبائلز کی طلب میں مسلسل اضافہ متوقع ہے،انڈونیشیا جیسا کثیر آبادی والا ملک سالانہ 13لاکھ گاڑیاں بنا رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستا ن میں حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج مقامی اسمبلرز اور وینڈرز کو اعتماد کی فراہمی ہے تا کہ وہ موجودہ طلب کو پورا کرنے کیلئے اپنی پیداواری گنجائش میں توسیع کی غرض سے فوری سرمایہ کاری کو ممکن بناسکیں۔پاپام کے سابق چیئرمین اور پاکستان آٹو شو2016کے چیف آرگنائزرسید نبیل ہاشمی کا کہنا تھا کہ حالیہ چند برسوں کے دوران پاکستان آٹو شو ملکی آٹو موٹیو انڈسٹری میں سب سے موثر پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کرگیا ہے ،آج اس میگا ایونٹ میں 75ہزار سے زائد شرکاء ملک اور بیرون ملک سے پاکستان کی انقلابی ٹیکنالوجیز کو دیکھنے کیلئے آتے ہیں،اس ایونٹ میں دنیا کے نامور آٹو موبائل برانڈز،اسپیئر پارٹس مینو فیکچررز،کمپوننٹ سپلائرز،اوریجنل ایکیوپمنٹ مینو فیکچررز(او ای ایم وینڈرز)،آٹو موبائل ٹریڈرز،سرمایہ کار،خریدار اور اپنے کاروباری نیٹ ورک کو توسیع دینے کے خواشمند شرکت کررہے ہیں۔نبیل ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ مقامی آٹو موٹیو صنعت پاکستان کی لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں6تا7فیصد ترقی کوبھی یقینی بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،انہوں نے اس موقع پر لاہور کے ایکسپو سینٹر کی تعمیر کو بھی مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔آٹو شو کے افتتاحی روز انڈسٹری اسٹیک ہولڈرز،بین الاقوامی بڑے خریداروں اور صارفین کی جانب سے اس ایونٹ کی زبردست پذیرائی دیکھنے میں آئی ،پاکستان آٹو شو میں کار،ٹریکٹرز،ٹرکس،بسوں،فور بائی فور وہیکلز،موٹر سائیکل ،تھری ویلرز اور دیگر آٹو موبائلز کی نمائش کی جائیگی۔نمائش میں مصنوعات کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور سالوشنز بھی پیش کئے جائینگے جس میں انجن،ٹولز،ٹائرز،بیٹری،کاسٹنگ،فورگنگ،شیٹ میٹلز،جگز اور فکسچر،کار پینٹس،پلاسٹک پارٹس،ربر پارٹس اور دیگر ایسیسریز شامل ہیں۔اس شو میں شرکاء کار فنانسنگ،آٹو انشورنس،سروس سینٹرز اور دیگر امور سے متعلق معلومات بھی حاصل کرسکیں گے۔پاپام کے سینئر وائس چیئرمین مشہود علی خان کے مطابق اس تین روزہ ایونٹ میں تربیتی سیشنز اورا انڈسٹری کی ترقی کیلئے آٹو انجینئرنگ اور ٹریڈنگ کمیونٹی کے درمیان تکنیکی تعاون بھی متوقع ہیں۔اس آٹو شو میں اعلیٰ حکومتی نمائندوں،ریگولیٹرز،انجینئرنگ ایکسپرٹ،خام مال کے سپلائرز،سیکنڈ ہینڈ کار ڈیلرز اور آٹو صنعت سے وابستہ دیگر افراد بڑی تعداد میں شریک ہونگے جبکہ ایونٹ میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء اپنے پراجیکٹس کی نمائش بھی کرینگے۔اس ایونٹ میں مایہ ناز بین الاقوامی نمائش کنندگان اپنی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کررہی ہیں جس میں ٹویوٹا ،ہنڈا ،سوزوکی ،میسی فرگوسن ٹریکٹرز،اسوزو،ہینو،یو ڈی نسان،یاماہا،برطانیہ کی لینڈ روور، فیاٹ ٹریکٹرز اٹلی، فا ء ٹرک و کار چین اور دیگر شامل ہیں۔