مصطفٰی کمال کے الزامات پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے ، تحریک انصاف
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف نے یہ مطالبہ کیا ہے کہ سابق سٹی ناظم سید مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پر جو الزامات عائد کیے ہیں ، ان پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے ۔ یہ مطالبہ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے ارکان ثمر علی خان اور ڈاکٹر سیما ضیاء بھی موجود تھے ۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ یہ جوڈیشل کمیشن ماضی کے جوڈیشل کمیشنز کی طرح نہ ہو بلکہ ایسا ہو ، جو ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کراچی کے شہریوں کو انصاف دے اور یہاں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تلافی کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی خطرات کے ساتھ ساتھ بیرونی خطرات کا بھی سامنا ہے ۔ دشمن ملک اور دشمن عناصر پاکستان میں دہشت گردی کراتے ہیں اور یہاں کی سیاسی جماعتوں کو استعمال کرتے ہیں ۔ ہم بچپن سے سن رہے ہیں کہ بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسی ’’ را ‘‘ پاکستان میں یہاں کے لوگوں کو استعمال کرکے دہشت گردی کراتے ہیں ۔ جوڈیشل کمیشن معاملات کی تحقیقات کرکے بیرونی عناصر کے ایجنٹس کو سخت سے سخت سزا دے ۔