حکمران امریکہ اور یورپ کی بجائے اللہ کی پکڑ سے ڈریں،شمس سواتی

حکمران امریکہ اور یورپ کی بجائے اللہ کی پکڑ سے ڈریں،شمس سواتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نے کہا ہے کہ اگر حکمران توہین رسالتﷺ کے مرتکب افراد کو سزا نہیں دیں گے تو پھر آئندہ بھی ممتاز قادری شہید پیدا ہوتے رہیں گے۔ چودہ سو سالہ تاریخ گواہ ہے کہ اسلام میں شاتم رسول ﷺکی سزا موت ہے۔ حکمران امریکا اور یورپ سے ڈرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی پکڑ سے ڈریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صادق آباد میں ممتاز قادری شہید کو پھانسی دیئے جانے کے خلاف یوم احتجاج کے سلسلے میں ایک بڑے احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس جلسہ سے جمعیت علماء اسلام (ف) ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری ڈاکٹر ضیا الرحمان ٗ مفتی مجیب الرحمان ٗ جماعت اسلا می کے ضلعی نائب امیر رضا احمد شاہ ٗ سید عزیر حامد ٗڈپٹی سیکرٹری ضیا اللہ چوہان ٗ جمعیت اتحاد العلما پاکستان کے مرکزی نائب صدر مولانا عبد الجلیل نقشبندی ٗ چیئرمین یو سی 28 قاری سالم ٗسابق ایم پی اے حنیف چوہدری ٗامیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ضلع راولپنڈی واجد اقبال عباسی ٗمولانا مسرت ٗاسلامی جمعیت طلبہ کے رہنما تفہیم اقبال ٗ سیف اللہ گوندل ایڈووکیٹ اور جے آئی یوتھ کے اسد رضا شیخ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما مبشر عباسی نے اپنی جماعت سے مستعفی ہونے کا اعلان بھی کیا۔ شمس الرحما ن سواتی نے کہا کہ ممتاز قادری کی شہادت کے واقعہ نے تمام دینی جماعتوں کو متحد کر دیا ہے۔ ممتاز قادری شہید کا جنازہ لبرل ازم اور سیکولرازم کے خلاف ایک ریفرنڈم تھا۔ یہ اسلام کی تعلیمات اور علماء کرام کی رہنمائی کا ہی نتیجہ تھا کہ لاکھوں عاشقان رسول ﷺ جنازے میں شریک ہوئے ٗ مگر کہیں ایک پتہ بھی نہیں ٹو ٹا۔انہوں نے کہا اسلام دشمن طاقتیں توہین رسالت ﷺکے قانون میں تبدیلی کے لئے بے چین ہیں۔ان شا اللہ عاشقان مصطفی ﷺ ان کے اس مذموم ارادے کو کبھی بھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔پاکستان کی اسلامی پہچا ن اور شناخت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ ممتاز قادری ناموس رسالت ﷺ پر قربان ہو کر امر ہو گیا ہے ۔ ہر کلمہ گو مسلمان حرمت رسو ل ﷺ پر جان دینا اپنے لئے ایک اعزاز سمجھتا ہے۔