ضلع کچہری ملتان، خودکش جیکٹ کی اطلاع، پولیس کی دوڑیں، فول پروف سکیورٹی کا پول کھل گیا
ملتان(وقائع نگار)ضلع کچہری میں خودکش جیکٹ کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔برآمد ہونے والی جیکٹ خودکش تھی یا مساج بیلٹ تاحال گتھی سلجھ نہ سکی۔تاہم ڈی سی او آفس کے دفتر کے سامنے ملنے والی مشکوک جیکٹ نے سکیورٹی اداروں کی ’’فول پروف‘‘ سکیورٹی کا پول کھول دیا۔تفصیل کے مطابق گزشتہ سہ پہر ضلع کچہری ملتان میں ڈی سی او آفس کے سامنے سبزہ زار میں پڑی مشکوک جیکٹ کو دیکھ کر مقامی وکیل کے منشی محمد عامر نے پولیس کو اطلاع دی۔جس پر ملتان پولیس سمیت دیگر سکیورٹی اداروں کی دوڑیں لگ گئیں۔جنہوں نے ضلع کچہری کا محاصرہ کرتے ہوئے وکلاء چیمبر سمیت دیگر دفاتر ججز چیمبرز کو فوری طور پر خالی کروا دیا۔محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے موقعہ پر پہنچ کر مذکورہ جیکٹ کو حفاظتی تحویل میں لیتے ہوء ناکارہ بنادیا۔تاہم یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ جیکٹ بارے فیصلہ نہ ہوسکا کہ خودکش جیکٹ تھی یا مساج بیلٹ تھی۔تاہم موقعہ سکیورٹی اداروں اور محکمہ سول ڈیفنس کے ٹیکنیکل سٹاف کا کہنا تھا کہ مذکورہ جیکٹ کی بناوٹ خودکش جیکٹ جیسی ہے تاہم اس میں سے دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔اس ضمن میں ملتان پولیس سمیت دیگر سکیورٹی ادارے ضلع کچہری سے برآمد ہونے والی جیکٹ کی گتھی سلجھانے میں مصروف عمل ہیں۔